برطانوی سکھ برادری کی دو نمائندہ تنظیموں نے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کو کرتارپور راہداری کھولنے کے اقدام پر لائف ٹائم ایوارڈ دیا ہے۔
برطانیہ کے دارالحکومت لندن کے سٹی ہال میں ہونے والی تقریب کی میزبانی سکھ فیڈریشن برطانیہ اور لندن رکنِ اسمبلی ڈاکٹر اونکار سہسوتا نے میئر لندن کے ہمراہ مشترکہ طور پر کی۔
اس موقعے پر وزیر اعظم کے ترجمان برائے تجارت و سرمایہ کاری، برطانیہ و یورپ صاحبزادہ جہانگیر نے وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے ایوارڈ وصول کیا جبکہ میئر لندن نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے برطانیہ میں سکھ برادری کی خدمات پر روشنی ڈالی۔
وزیر اعظم کے ترجمان صاحبزادہ جہانگیر نے کہا کہ کرتارپور راہداری منصوبے سے اس تاثر کو تقویت ملی کہ سکھ برادری عالمی اقوام کی مختلف ثقافتوں اور ممالک کے درمیان پل کا کام کرتی ہے۔
صاحبزادہ جہانگیر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو اس ایوارڈ سے نوازا گیا، اس بات پر بے حد خوشی ہے اور وزیر اعظم پاکستان چاہتے ہیں کہ سکھ برادری کی پاکستان آمدورفت جاری رہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی پرخلوص کاوشوں اور امن اور انسانیت کے بین الاقوامی طور پر تسلیم کردہ معیارات سے وزیر اعظم کی وابستگی کے باعث سکھ برادری کے لیے کرتارپور راہداری کھولنے کا منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل سندھ سے تعلق رکھنے مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی کھیئل داس کوہستانی نے باباگرونانک کے جنم دن پر کہا کہ سکھوں کو اس سال دو خوشیاں ایک ساتھ ملی ہیں ۔
انہوں نے رواں ماہ کہا کہ ایک بابا گورنانک کا 550 واں جنم دن اور دوسرا کرتا پور راہداری کھلنے کا ہے ۔ ن لیگ کے رکن قومی اسمبلی کھیل داس کوہستانی نے کراچی میں بابا گرو نانک کے 550 ویں جنم دن کی تقریب میں بھی شرکت کی ان ہمراہ مسلم لیگ ن مینارٹی ونگ مہیش کمار تلریجا بھی تھے ۔
مزید پڑھیں: کرتا پور راہداری کا کھلنا سکھ یاتریوں کے لیے بہت اہم ہے،کھیئل داس کوہستانی