کراچی کے علاقے گلشنِ معمار میں پولیس نے موٹر سائیکل چوری میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے انٹیلی جنس اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے گلشنِ معمار میں واقع نورستان سپر اسٹور کے قریب سے 3 ملزمان کو گرفتار کیا جو موٹر سائیکل چوری کے ساتھ ساتھ اسٹریٹ کرائمز میں بھی ملوث ہیں۔
گرفتار ملزمان کے قبضے سے 2 جدید پستول، ایمونیشن ، ڈیڑھ کلو سے زائد چرس اور مسروقہ موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔ موٹر سایئکل کو تھانہ عزیز بھٹی کی حدود سے چوری کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزمان گلشنِ معمار سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں مطلوب تھے جو عادی مجرم ہیں اور منشیات فروش گروہ دادن ابڑو سے تعلق رکھتے ہیں۔
ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔ ساتھی ملزمان کی گرفتاریوں کے ساتھ ساتھ مزید مسروقہ موٹر سائیکلوں کی برآمدگی بھی متوقع ہے۔ ملزمان کے نام بلال، سلیمان اور محمد علی بتائے گئے ہیں۔ ملزمان سے برآمدہ اسلحہ فارنزک جانچ کیلئے بھیجا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: موٹروے زیادتی کیس، متاثرہ خاتون نے دونوں ملزمان کو شناخت کر لیا