کراچی: 5 سالہ بچی زیادتی کے بعد قتل، لاش سے اعضاء غائب

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Karachi missing girl found ‘raped’, dead in drain
FILE PHOTO

کراچی: لیاقت آباد بی ایریا کے قریب ایک دل دہلا دینے والے واقعے میں دو روز قبل لاپتہ ہونے والی پانچ سالہ بچی سویرا بی بی کی لاش برساتی نالے سے برآمد ہوئی۔

پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے بچی کی لاش کو نالے سے نکال کر قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا۔ ابتدائی طور پر بچی کی شناخت نہ ہو سکی تاہم بعد ازاں والدین نے اس کی شناخت سویرا بی بی کے طور پر کی جو محمد جمیل کی بیٹی اور سکندر گوٹھ سچل کی رہائشی تھی۔

تھانہ انچارج (ایس ایچ او) غلام یٰسین کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے پتا چلا ہے کہ لاش کسی نامعلوم مقام سے پانی کے بہاؤ کے ساتھ نالے میں پہنچی، اور اس کی حالت سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ لاش ایک سے دو روز پرانی ہے۔ پولیس کے مطابق جسم پر باندھنے یا رسی کے نشان موجود نہیں تھے۔

ڈاکٹر صائمہ کی جانب سے جاری کی گئی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ کمسن بچی کو قتل سے قبل جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔

کراچی کے علاقے پوسٹ آفس سوسائٹی سیکٹر 13/A سے لاپتہ ہونے والی پانچ سالہ سویرا کی لاش گزشتہ روز لیاقت آباد گجر نالے سے برآمد ہوئی۔ سویرا کی لاش کے بارے میں بتایا گیا کہ اس کے جسم کے تمام اہم اعضاء جیسے گردے اور دل نکال لیے گئے تھے۔

اہل خانہ کے مطابق سویرا گزشتہ روز صبح اپنے گھر کی گلی میں کھیل رہی تھی، لیکن کافی دیر تک واپس نہ آئی۔ جب اہل خانہ نے گلی کی سی سی ٹی وی فوٹیج چیک کی تو ایک خاتون کو بچی کو اٹھا کر اپنے ہمراہ جاتے ہوئے دیکھا گیا۔ اس کے بعد اہل خانہ نے بھرپور تلاش شروع کی اور سچل تھانے میں بچی کی گمشدگی کی رپورٹ بھی درج کروائی۔

بدھ کی شام اہل خانہ کو اطلاع ملی کہ ایک بچی کی لاش ملی ہے اور انہیں یہ درخواست کی گئی کہ وہ آ کر اس کی شناخت کریں۔ جب اہل خانہ وہاں پہنچے تو معلوم ہوا کہ وہ بچی سویرا ہی تھی، جس کے جسم سے تمام اہم اعضاء نکالے جا چکے تھے۔ بچی کی لاش کی حالت اتنی بری تھی کہ تصویر نہیں لگائی جا سکتی۔

اس دل دہلا دینے والے واقعہ پر علاقہ مکینوں اور اہل خانہ نے گلزار ہجری کے قریب بچی کی لاش رکھ کر احتجاج کیا اور اس سفاکانہ قتل کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

Related Posts