ابوظہبی: پاکستان سپر لیگ 6 کے پہلے ایلیمنٹر میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو پی ایس ایل کی دوڑ سے باہر کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا۔کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹس کے نقصان پر 175 رنز بنائے جس کے بعد پشاور زلمی نے دھواں دھار بیٹنگ شروع کی۔
پی ایس ایل کے اہم میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کی جانب سے دیا گیا 176 رنز کا ہدف بیسویں اوور میں حاصل کرلیا۔ زلمی کے بیٹسمین حضرت اللہ زازئی نے 38 گیندوں پر 77 رنز بنا کر پشاور کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
حضرت اللہ کی اننگز میں 5 چھکے اور 10 چوکے شامل ہیں جنہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا جبکہ میچ کے دوران امام الحق نے 11، کامران اکمل نے 13، خالد عثمان نے 17 جبکہ شعیب ملک نے 30 رنز کا اضافہ کیا۔
میچ کے آخری اوور تک دونوں ٹیموں کے مابین کرکٹ کا مقابلہ سنسنی خیز رہا۔ پشاور زلمی کو 7 رنز کی ضرورت تھی جسے 5 گیندوں پر پورا کر لیا گیا۔ شرفین راتھرفورڈ نے چوکا لگایا اور مجموعی طور پراپنی اننگز میں 17 رنز بنائے۔
دوسری جانب کراچی کنگز میں سے پریرا نے 2، محمد عامر، الیاس اور نور احمد نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔کنگز کی بیٹنگ لائن اپ بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکی، بابر اعظم نے سب سے زیادہ 53، تھسارا پریرا نے 37 جبکہ شرجیل خان نے 26رنز بنائے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 6 کے اہم میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 31 رنز سے شکست دے کر پہلی مرتبہ ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی۔
ابوظہبی میں گزشتہ روز کھیلے گئے پی ایس ایل سیزن 6 کے کوالیفائر میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا جو ٹیم کے لیے خوش آئند ثابت ہوا۔
مزید پڑھیں: پی ایس ایل میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 31 رنز سے پچھاڑ دیا