قومی کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل نے سابق کپتان بابراعظم کے والد اعظم صدیقی کو کرارا جواب دیتے ہوئے انہیں اپنی حدود میں رہنے کا مشورہ دے دیا۔
معاملہ اس وقت شروع ہوا جب کامران اکمل نے ایک پوڈکاسٹ میں بابر اور محمد رضوان کو ٹی20 اسکواڈ سے ڈراپ کرنے کے فیصلے کی حمایت کی جس پر اعظم صدیقی نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے ایک پرانی تصویر پوسٹ کی جس میں کامران اور بابر ساتھ موجود ہیں۔
کیپشن میں اعظم صدیقی نے کامران اکمل پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ “بابر نے آپ کی کپتانی میں نہیں کھیلا، لیکن آپ اس کی کپتانی میں صفر پر آؤٹ ہوئے، انہوں نے اشفاق احمد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ “کامیاب لوگوں کے پیچھے باتیں کرنا ناکام لوگوں کی مجبوری ہے، اور ایک ترک کہاوت بھی شیئر کی جس میں حسد کا تاثر دیا گیا۔
اس پر کامران اکمل نے انسٹاگرام اسٹوری میں ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آپ کی پوسٹ نامناسب تھی، برائے مہربانی آئندہ حقائق کے بغیر بات نہ کریں۔ میں نے فخر سے ملک کی نمائندگی کی ہے، والدین کو اپنی اولاد کی ایسی تربیت کرنی چاہیے کہ وہ حسد سے پاک ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میری رائے صرف کرکٹ سے متعلق تھی، اسے ذاتی دشمنی یا ایجنڈے میں نہ گھسیٹیں۔ واضح حدیں موجود ہیں اور آپ انہیں بار بار پار کر چکے ہیں، اب اپنی حد میں رہیں۔
واضح رہے کہ بابر اعظم، کامران اکمل، عمر اکمل اور عدنان اکمل کے کزن ہیں لیکن دونوں خاندانوں کے تعلقات خوشگوار نہیں ہیں اور وقتاً فوقتاً لفظی محاذ آرائی سامنے آتی رہتی ہے۔