اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے عوام کو مہنگی بجلی فراہم کرنے کا الزام ثابت ہونے پر کے الیکٹرک پر 20 کروڑ کا جرمانہ برقرار رکھنے کا فیصلہ سنادیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیپرا نے کے الیکٹرک کی جانب سے دائر کی گئی نظرِ ثانی اپیل پر فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنی کی نااہلی کا بوجھ کراچی کے شہریوں پر منتقل نہیں کیاجاسکتا۔
کے الیکٹرک صارفین کیلئے بُری خبر، بجلی 4 روپے 45 پیسے فی یونٹ مہنگی ہوگئی
نیپرا کا اپنے فیصلے میں کہنا ہے کہ کے الیکٹرک نے سستے اور بہتر کارکردگی کے حامل پاور پلانٹس کو جان بوجھ کر تاخیر سے چلایا اور ناقص کارکردگی کے حامل بجلی گھروں سے مہنگی بجلی پیدا کی۔
فیصلے میں نیپرا کا مزید کہنا ہے کہ کے الیکٹرک نے کراچی میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے اسباب پیدا کیے۔ مہنگی بجلی پیدا کرنے کے متعلق ستمبر 2021 اور مئی 2022 کے فیصلے برقرار رہیں گے۔ کے الیکٹرک 20 کروڑ کا جرمانہ ادا کرے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری تھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی مہنگی کردی۔
نیپرا کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی 4 روپے 45 پیسے مہنگی کرنے کی منظوری دی گئی۔
نیپرا کا گزشتہ ماہ کہنا تھا کہ بجلی قیمتوں میں اضافے کی منظوری گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی گئی، نیپرا نے کراچی کیلئے بجلی مہنگی کرنے کا فیصلہ نوٹیفکیشن کیلئے وفاقی حکومت کو بھجوادیا۔