جمعیت علمائے اسلام ضلع وسطی کراچی کے امیر مولانا زرین شاہ اور ضلعی عاملہ کی جانب سے مقامی ہال میں پارٹی رہنماؤں اور ورکرز کے اعزاز میں عید ملن پارٹی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔
اس موقع پر جے یوآئی کے مرکزی ترجمان محمد اسلم غوری ، صوبائی نائب امیر مولانا عبدالکریم عابد ، مفتی محمود اکیڈمی کے ایم ڈی محمد فاروق قریشی ، مولانا محمد غیاث ، علامہ سمیع الحق سواتی ، حاجی امین اللہ ، مولانا حماد اللہ شاہ ، الخیر ٹرسٹ کے حاجی محمد طاہر انصاری ، مولانا فتح اللہ ، مولانا نورالحق ، مولانا احسان اللہ ٹکروی ، مولانا عنایت اللہ مسعود ، مولانا گل محمد طالونی ، مولانا سلطان محمود ، مولانا عبدالرشید نعمانی ، مولانا یوسف حسن زئی ، مولانا ولی اللہ حسنی، مولانا خیرالحق ابرار ، قاری فیض الرحمن عابد ، فاروق سید حسن زئی ، قاری زرداد بٹگرامی، جمال خان کاکڑ سمیت کراچی کے تمام اضلاع کے رہنماؤں نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں:
سعودی عرب میں مصنوعی ذہانت کے فروغ کا اہم ادارہ قائم
تقریب سے محمد اسلم غوری، مولانا عبدالکریم عابد ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جے یوآئی ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کی جنگ میں صف اول کا کردار ادا کررہی ہے۔
جے یوآئی کی قیادت نے عالمی استعمار کے مکروہ ایجنڈے کو سبوتاژ کرکے اس کے مقامی کارندوں کے گرد گھیرا تنگ کررکھا ہے ، ہم وطن عزیز کے اسلامی اور نظریاتی تشخص کو برقرار رکھنے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔
ان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی اکابر کے مشن پر کاربند اک پرامن سیاسی مذہبی قوت ہے اور اسی شناخت کیساتھ اپنے کاز کو لیکر آگے بڑھ رہی ہے ۔ ان شاءاللہ وہ دن دور نہیں جب اہلیان پاکستان یہاں اسلامی نظام کے نفاذ کی بہاروں کو اپنی آنکھوں سے دیکھیں گے۔
مقررین نے اپنے خطاب میں جے یوآئی ورکرز کی جماعت کیساتھ کمٹمنٹ پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے قائد مولانا فضل الرحمان کو اپنے نظریاتی ورکرز پر اسی لئے ناز ہے کہ ایک ادانی کارکن تک ہر افتاد کے سامنے پہاڑ بن کر فتنوں کی سرکوبی کیلئے سد سکندری کا کردار ادا کرتے ہوئے ڈٹ جاتا ہے ۔
بعدازاں ضلع وسطی کی میزبان کمیٹی کی جانب سے شرکائے تقریب کی پرتکلف کھانوں سے ضیافت بھی کی گئی ، عیدملن پارٹی جے یوآئی کے صوبائی نائب امیر مولانا عبد الکریم عابد کی دعا سے اختتام پذیر ہوئی ۔