پشاور: خیبر پختونخوا کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان میں 2 ملزمان نے گھر میں گھس کر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں معروف صحافی قیس جاوید جاں بحق ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے مدینہ کالونی میں موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان اسلحہ لے کر گھر میں گھسے اور مقامی صحافی قیس جاوید پر فائرنگ کی۔
ڈیرہ اسماعیل خان پولیس کا کہنا ہے کہ معروف صحافی کے پیٹ میں گولی لگ گئی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد مہیا نہ کی جاسکی۔
ہسپتال منتقل کرنے کیلئے لے جاتے ہوئے گزشتہ روز صحافی قیس جاوید راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔
قیس جاوید نجی ٹی وی میں 10 سال تک کیمرہ مین کے طور پر خدمات سرانجام دیتے رہے اور بعد ازاں عہد نامہ نامی ذاتی ویب چینل کیلئے کام کرنے لگے تھے۔
مشہور و معروف سیاسی و سماجی شخصیات نے نامعلوم ملزمان کے ہاتھوں صحافی قیس جاوید کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے آزادئ اظہار پر حملہ قرار دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سینئر اور بزرگ صحافی پیر سیّد سفید شاہ ہمدرد انتقال کر گئے