ٹوکیو اولمپکس کے تحت خواتین کے سنگلز ایونٹ میں بیڈ منٹن کی جاپانی کھلاڑی ایکانی یاماگوچی نے پاکستان کی ماحور شہزاد کو ہرا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی ٹاپ سیڈ کھلاڑی ماحور شہزاد ابتدائی میچ میں بد ترین شکست سے دو چار ہوئیں۔ جاپانی کھلاڑی ایکانی یاماگوچی نے صرف 2 راؤنڈز میں ماحور شہزاد کو ہرایا۔
بیڈ منٹن کے مقابلے میں جاپانی کھلاڑی نے پاکستان کی ماحور شہزاد کو اکیس 3 اور اکیس 8 کے طویل فرق سے آؤٹ کلاس کردیا۔ ماحور شہزاد ایکانی یاماگوچی کے سامنے زیادہ دیر ٹک نہ سکیں۔
چین کی ینگ کیان نے ٹوکیو اولمپکس کا پہلا گولڈ میڈل جیتا۔ ہفتے کے روز 10 میٹر رائفل کمپٹیشن میں یانگ کیان اول نمبر پر آئیں جبکہ سلور میڈل روسی شوٹر اناستاسیا گیلاشینا نے حاصل کیا۔
کانسی کا تمغہ سوئٹزرلینڈ کی نینا کرسچن نے جیتا۔ قبل ازیں روسی شوٹر گولڈ میڈل کی ریس میں سب سے آگے رہیں تاہم آگے چل کر دباؤ میں آنے کے باعث اناستاسیا 251.1 میں سے صرف 8.9 کا اسکور بنا سکیں۔
اسی دوران ٹوکیو اولمپکس انتظامیہ کی جانب سے ہفتے کے روز یہ بیان سامنے آیا کہ ایک اور کھلاڑی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس سے وائرس سے متاثرہ کھلاڑیوں کی تعداد 170ہوگئی۔
پاکستانی شوٹر گلفام جوزف میڈل راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہے۔ مینز 10 میٹر ائیر پسٹل میں پاکستانی شوٹر نویں پوزیشن پر آئے جبکہ آخری راؤنڈ کیلئے 8شوٹرز کا انتخاب ہونا تھا۔
حتمی راؤنڈ میں جانے سے قبل آخری مقابلے کے دوران پاکستانی شوٹر گلفام جوزف ایک موقعے پر 7ویں پوزیشن پر آگئے تاہم زیادہ دیر تک یہ پوزیشن برقرار نہ رہ سکی اور میڈل کا حصول خواب بن گیا۔
یہ بھی پڑھیں: دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے قومی کرکٹ ٹیم بارباڈوس پہنچ گئی