راولپنڈی کا امام مسجد خواجہ سرا بن کر بھیک مانگنے پر مجبور کیوں ہوا؟

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

راولپنڈی کے علاقے روات میں حالات اور مبینہ طور پر انتہائی قلیل آمدن سے تنگ اور پریشان حال امام مسجد خواجہ سرا بن کر بھیک مانگنے پر مجبور ہوگیا۔
سوشل میڈیا پر بتایا گیا ہے کہ روات کے ایک شہری نے محمد خان نامی شخص کے خلاف مقامی تھانے میں مقدمہ دائر کیا ہے، مقدمے میں مدعی کا کہنا ہے کہ ملزم محمد خان ان کے علاقے کی مسجد کا امام مقرر ہوا اور کافی عرصے تک لوگوں کو نمازیں پڑھائیں اور میتوں کے جنارے بھی پڑھائے۔
مقدمے کی درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ کچھ عرصے بعد ملزم محمد خان نے مسجد کی انتظامی کمیٹی سے کہا کہ وہ بیرون ملک جانا چاہتا ہے، اسے اجازت دی جائے۔
درخواست کے مطابق کمیٹی کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد ملزم بیرون ملک جانے کے بجائے خواجہ سرابن کربھیک مانگنے لگا ہے، جس سے ہماری دل آزاری ہوئی ہے، اس حرکت پر ملزم کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
تاہم دوسری طرف علاقہ پولیس کی جانب سے تا حال اس درخواست کے مطابق ملزم کے خلاف کسی کارروائی کی اطلاع نہیں ملی ہے، ساتھ ہی یہ بات بھی واضح نہیں ہو پائی ہے کہ مدعا علیہ نے مسجد کی امامت کی ذمے داریاں چھوڑ کر خواجہ سرا بننے کا فیصلہ کیوں کیا؟
دوسری طرف سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس خیال کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ ملزم نے یہ قدم مبینہ طور پر مسجد میں نمازیں پڑھانے کے کم معاوضے کی بنا پر اٹھایا ہوگا۔ واضح رہے کہ ملک بھر کی بیشتر مساجد میں امام اور دیگر خدمات انجام دینے والے افراد کو انتہائی واجبی تنخواہیں دی جاتی ہیں۔

Related Posts