فلپائن کے ایک میئر نے سرکاری ملازمین کے لیے ایک انوکھا حکم جاری کردیا۔ حکم کے مطابق سرکاری ملازمین کو کام کے دوران مسکرانہ ہوگا، نہ مسکرانے کی صورت میں جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
فلپائن کے صوبے کوئزون کے قصبے میولانے کے میئر اریس ایل ایگوائرنے سرکاری دفاتر میں ایک نئی قسم کی اسمائل پالیسی پر عمل کرنے کا حکم جاری کردیا ہے جس کے مطابق سرکاری ملازمین کو اب مسکراتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں نبھانی ہوں گی اور عوام کی خدمت کرنی ہوگی۔
میئر کی جانب سے کئےجانے والے حکم میں ملازمین کو صاف صاف طور پر بتا دیا گیا ہے کہ انہیں اس حکم کو ماننا ہوگا ورنہ ان کی 6 ماہ کی تنخواہ کاٹی جاسکتی ہے یا انہیں نوکری سے معطل بھی کیا جاسکتا ہے۔
میئر کا کہنا ہے کہ یہ اقدام مقامی لوگوں کے لیے گیا ہے۔ زیادہ تر ناریل کے کاشتکاروں اور ماہی گیروں کی جانب سے شکایات درج کرائی گئی تھیں جس کے بعد یہ حکم جاری کیا گیا۔
میئر کا کہنا ہے کہ شہریوں نے شکایات کی تھیں کہ جب وہ اپنے ٹیکس ادا کرنے گئے تو ٹاؤن ہال کے عملے نے ان کے ساتھ غیر دوستانہ برتاؤ کیا۔ جس کے بعد ہم نے یہ فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں سرکاری ملازمین کا عوام کے ساتھ رویہ تبدیل کرنا چاہتا ہوں تاکہ لوگوں کو ایک خوشگوار ماحول ملے۔