اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری ہے، غزہ کے شہید فلسطینیوں کی تعداد 10 ہزار 300 سے تجاوز کر گئی جن میں 4 ہزار سے زائد بچے بھی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق غزہ پر اسرائیل کی بمباری گزشتہ روز سے اب تک جاری ہے۔ اقوامِ متحدہ اور مسلمان ممالک غزہ میں جاری بد ترین خونریزی ختم کرانے میں ناکام ہو گئے۔ بمباری سے غزہ کا انفراسٹرکچر بھی بری طرح تباہ و برباد ہوگیا۔
اسرائیل نے فلسطینیوں کو غزہ شہر خالی کرنے کیلئے 4 گھنٹے کی مہلت دیدی
غزہ قبرستان کا منظر پیش کرنے لگا۔ اسرائیل کے حملوں کے نتیجے میں غزہ میں جگہ جگہ بارود کی بو آنے لگی۔ گلیاں اور بازار ویران ہوگئے۔اسرائیل نے اقوامِ متحدہ کے پناہ گزین کیمپوں میں بے کس فلسطینی خاندانوں اور بچوں کو بھی بمباری کا نشانہ بنایا۔
اسرائیلی فورسز نے غزہ کی پٹی میں رہائش پذیر ہزاروں معصوم بچوں اور خواتین کو بھی شہید کردیا۔ 2 روز قبل کیے جانے والے حملے میں مزید 292 فلسطینیوں کو شہید کردیا گیا۔
انسانی حقوق کی تنظیموں نے اسرائیل سے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک ماہ میں ہزاروں قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا۔ اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سمیت دیگر عالمی رہنماؤں نے اسرائیلی بمباری پر افسوس کا اظہار کیا۔