اسلام آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے جیولر کی دکان پر ڈکیتی میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سپر مارکیٹ کی جیولرز شاپ پر ڈکیتی کرنے والے 2 ملزمان کو تھانہ کوہسار پولیس نے گرفتار کر لیا جن کے نام صداقت شاہ اور عدیل بتائے جاتے ہیں۔ واقعے کا مقدمہ پہلے ہی درج ہوچکا ہے۔
ڈکیتی کی واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ اور ایمونیشن بھی برآمد کر لیا گیا، پولیس نے جدید ٹیکانلوجی کا استعمال کرتے ہوئے ملزمان کو ٹریس کیا۔
ملزم عدیل طابا جیولرز میں جبکہ اس کا والد ہنی جیولرز شاپ سپر مارکیٹ کا چوکیدار ہے۔ ملزمان کی نشاندہی پر دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
دونوں ملزمان نے جیولرز سے اسلحے کی نوک پر تقریباً 400 تولے سونا اور 40 لاکھ روپے نقد لوٹے تھے۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ باقی مفرور ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل وفاقی دارالحکومت میں لاقانونیت عروج پر پہنچ گئی، شہر اقتدار میں دن دہاڑے جیولر شاپ میں ڈکیتی ہوئی، ڈاکو کروڑوں کا سونا اور نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے تھے۔
اسلام آباد سپر مارکیٹ میں جیولرز شاپ کے مالک شیخ محمد فرید نے ایم ایم نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میں اسلام آباد کا رہائشی ہوں اور میں ہنی جیولرز کے نام سے سپر مارکیٹ میں کاروبار کرتا ہوں۔
مزید پڑھیں: جیولر شاپ پر ڈکیتی، ملزمان400تولہ سونا ،40 لاکھ کیش لے اڑے