سوال: کیا کسی دوسرے شخص کی اجازت کے بغیر اس کا موبائل نیٹ ڈیٹا استعمال کیا جا سکتا ہے؟
جواب: کسی دوسرے شخص کا انٹرنیٹ ڈیٹا (internet data) اس کی صریح اجازت یا رضامندی کے بغیر استعمال کرنا جائز نہیں ہے۔
اسی طرح عام افراد کے لیے کسی کا موبائل فون اس کی صراحتاً یا دلالۃً اجازت کے بغیر استعمال کرنا یا اس کا ڈیٹا چیک کرنا بھی شرعاً درست نہیں ہے، اجازت کے بغیر ڈیٹا چیک کرنا ’’تجسس‘‘ میں داخل ہے، جس سے قرآن مجید میں منع کیا گیا ہے۔ نیز یہ عمل کسی کے گھر میں بلا اجازت جھانکنے کے مثل ہے، جس کی ممانعت قرآن و احادیث میں آئی ہے۔
البتہ اگر مربی (والد، استاذ وغیرہ) کو زیرِ تربیت فرد کی بے راہ روی کا کسی ٹھوس بنیاد پر شک ہو تو اس کے لیے تربیت کی غرض سے اپنے ماتحت کا موبائل فون چیک کرنے کی گنجائش ہوگی، بلکہ سرپرستوں کو وقتاً فوقتاً بچوں اور ان سے متعلقہ چیزوں پر نظر رکھنی چاہیے کہ کہیں وہ بے راہ روی کا شکار نہ ہوجائیں۔فقط واللہ اعلم