ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب کے سربراہ جنرل حسین سلامی نے کہا ہے کہ کروز میزائل اپ گریڈ کئے جائیں گے۔ کروز میزائل چونکہ زمین کی سطح پر پرندے کی مانند حرکت کرتے ہیں اور اس کی رفتار بھی کم ہے۔ اس لئے یہ جلد ہی سپر سونک قسم میں تیار کئے جائیں گے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار تہران میں سابقہ امریکی جاسوسی اڈے میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب میں کیا۔ یہ تقریب مختلف بحرانوں اور چیلینجز میں موجود سپاہیوں کے نام قومی رضاکار فیسٹیول کے عنوان سے منعقد کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:
مودی سرکار کی لال قلعہ حملے کے الزام میں ایک اور مسلمان کی پھانسی کی تیاریاں
جنرل حسین سلامی نے کہا کہ ہم نے تمام سختیوں اور مشکلات کو ان فداکار جوانوں کی مدد سے عبور کیا۔ ملت ایران نے امریکہ کو پے در پے شکست سے دو چار کیا۔ چونکہ امریکہ ہمارے مقابلے میں فوجی محاذ پر شکست باختہ ہوا، اس لئے اس نے ایرانی عوام کے خلاف تمام تزویراتی حربے استعمال کئے۔ انہوں نے دشمن کی جانب سے ایران کے خلاف تکفیری گروہوں، مسلط کردہ جنگ اور اقتصادی دباو جیسی سازشوں کا ذکر کیا۔
انقلابی گارڈز کے سربراہ نے کہا کہ آج جنگ کی کنڈیشن تبدیل ہوچکی ہے اور امن و بدامنی آپس میں اس طرح مخلوط ہوچکے ہیں کہ جب آپ امن کا احساس کرتے ہیں، تو اس وقت آپ حالت جنگ میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا میں کوئی بھی ایسا ملک نہیں ہے، جو عالمی میڈیا کے حملوں کا مرکز ہو اور ترقی بھی کرے۔ ان سب سازشوں کے باوجود سپاہ کے پاس 325 بڑے قومی منصوبے ہیں کہ جنہیں ہر ہفتے منظر عام پر لایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے ایران کی فوجی قدرت کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ آج ہم زمین سے سیٹلائٹ کو ریڈار کے ذریعے روک سکتے ہیں، ہزاروں کلومیٹر دور سے کسی بھی چلتے ہوئے بحری جہاز کو نشانہ بنا سکتے ہیں، نیز جہاز کے کس نقطے کو نشانہ بنانا ہے، اس کا تعین بھی کر سکیں، تاکہ جہاز کے عملے کو نقصان نہ پہنچے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کروز میزائل چونکہ زمین کی سطح پر پرندے کی مانند حرکت کرتے ہیں اور اس کی رفتار بھی کم ہے۔ اس لئے یہ جلد ہی سپر سونک قسم میں تیار کئے جائیں گے۔ حالانکہ ایک چلتے ہوئے بحری جہاز کو سپر سونک بیلسٹک میزائل سے ہدف بنانا آسان کام نہیں اور نہ ہی ہم نے دوسرے ممالک میں کہیں اس کی مثال دیکھی۔