فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام اور تصاویر شیئر کرنے کی سب سے بڑی ویب سائٹ فیس بک نے اپنے صارفین کو خوشخبری سناتے ہوئے لائیکس چھپانے کا اختیار تفویض کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بہت سے سوشل میڈیا صارفین اپنی پوسٹس پر لائیکس کی تعداد دوستوں اور مداحوں کے سامنے لانے کی بجائے چھپانا چاہتے ہیں۔ بعض اوقات کچھ مشہور شخصیات کی پوسٹس پر زیادہ لائیکس نہیں ملتے جسے چھپانے کیلئے بعض اوقات پوسٹ ہی ڈیلیٹ کرنی پڑ جاتی ہے۔
اسی صورتحال کو مدِ نظر رکھتے ہوئے انسٹا گرام نے 2 سال قبل ہی لائیکس چھپانے ک آپشن پر کام شروع کردیا۔ شروع میں کچھ بگز سامنے آئے جس پر انسٹا گرام صارفین نے تنقید بھی کی تاہم اب پیچیدگیوں پر قابو پالیا گیا ہے۔
فیس بک اور انسٹا گرام صارفین نہ صرف اپنے لائیکس چھپا سکتے ہیں بلکہ دوستوں اور کولیگز سمیت حلقۂ احباب میں شامل دیگر افراد کے لائیکس دیکھنے یا نہ دیکھنے کا فیصلہ کرسکتے ہیں جس پر عوام کی بڑی تعداد نے خوشی کا اظہار کیا۔
سوشل میڈیا صارفین پر کیے گئے تجربات کے دوران انسٹا گرام کو کچھ صارفین لائیکس چھپانے کے آپشن کو ترجیح دیتے نظر آئے۔ دونوں پلیٹ فارمز کے مطابق لائیکس چھپانے کے آپشن کے باعث صارفین کی ایپس میں دلچسپی میں اضافہ ہوگا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل اطالوی موبائل ڈیویلپر ایلیس سینڈرو پلوزی نے کہا کہ انسٹاگرام کے صارفین جلد ہی اپنے ڈیسک ٹاپ سے اپنے انسٹاگرام پر پوسٹ شیئر کرسکیں گے۔
ایلیس سینڈرو پلوزی نے 10 روز قبل کہا کہ انسٹا گرام جلد ہی اپنے صارفین کیلئے ایک انوکھا فیچر متعارف کروانے جا رہا ہے۔ جس کی بدولت صارفین کی دیرینہ خواہش پوری ہوجائے گی۔
مزید پڑھیں: اب انسٹاگرام صارفین ڈیسک ٹاپ سے پوسٹ شیئر کرسکیں گے
قبل ازیں فیس بُک نے دنیا بھر میں موجود صارفین کیلئے غلط معلومات تک رسائی اور اس کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کیلئے نئے فیچر پر کام شروع کردیا۔
فیس بک انتظامیہ کی جانب سے رواں ماہ 11 مئی کو جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ آج سے نیوز آرٹیکلز کے درست یا غلط ہونے کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے ضمن میں ایک آزمائشی مشق کا آغاز کردیا گیا۔
مزید پڑھیں: فیس بک نے غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکنے پر کام شروع کردیا