صوبائی حکومت نے شہرِ قائد میں لاک ڈاؤن سے مستثنیٰ کاروباری سرگرمیوں اور اداروں پر عائد نو آبجیکشن سرٹیفیکیٹ (این او سی) کے حصول کی پابندی ختم کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے کراچی سمیت صوبے بھر میں نافذ العمل لاک ڈاؤن کے دوران پابندی سے مستثنیٰ صنعتوں پر کمشنر کراچی کے احکامات کے تحت نو آبجیکشن اور حلف نامہ (انڈ ٹیکنگ) لینے کی شرط ختم کردی گئی ہے۔
صوبائی حکومت کی ہدایات اور کمشنر کراچی کے احکامات کے تحت کے تحت صنعتی و کاروباری ادارے، لاک ڈاؤن سے مستثنیٰ تجارتی سرگرمیاں بشمول ریسٹورنٹس این او سی اور حلف نامے کے بغیر کام شروع کرسکیں گے۔
کمشنر کراچی کی طرف سے کاروباری صنعتوں اور ریسٹورنٹس کیلئے جاری کردہ انتظامی حکم نامے کے تحت تمام صنعتیں، کاروباری سرگرمیوں اور ریسٹورینٹس لاک ڈاؤن سے استثنیٰ بغیر کسی این او سی کے حاصل کرسکیں گے، تاہم اس دوران صوبائی حکومت کی ہدایات کی پیروی لازمی ہوگی۔
سندھ کی وزارتِ داخلہ لاک ڈاؤن سے مستثنیٰ قرار دی گئی صنعتوں، کاروباری سرگرمیوں اور ریسٹورینٹس کیلئے وقتاً فوقتاً ہدایات جاری کرتی رہے گی تاکہ مہلک کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے اقدامات پر عمل یقینی بنایا جاسکے۔