بھارت میں اردو کے نامور صحافی اور روزنامہ ہمارا سماج کے ایڈیٹر عامر سلیم خان انتقال کرگئے۔
عامر سلیم خان کو چار دن قبل ہارٹ اٹیک ہواتھا جس کے بعد جی بی پنت اسپتال دلی میں ایڈمٹ کیا گیا تھا۔ 11 دسمبر کی شام طبعیت کچھ بہتر ہوئی تھی لیکن 12 دسمبر کو دن کے دس بجے کے قریب دوربارہ ہارٹ اٹیک آیا جس کے بعد انہیں ایک مرتبہ پھر وینٹیلٹر پر رکھا گیااور تقریبا ایک بج ان کی روح پرواز کر گئی ۔
یہ بھی پڑھیں:
ملک کے نظریاتی تشخص کے دفاع کی جنگ جاری رہے گی، علامہ راشد سومرو
عامر سلیم خان اردو کے نامور اور سنجیدہ صحافی تھے، ایک لمبے عرصے سے اردو صحافت سے وابستہ رہے۔ وہ گزشتہ 13 برسوں سے روزنامہ ہمارا سماج سے جڑے ہوئے تھے اس سے پہلے وہ چیف رپورٹر کی حیثیت سے سر گرم تھے۔ مگر کچھ برسوں سے وہ ہمارا سماج کے ایڈیٹر کی ذمہ داری سنبھال رہے تھے۔ چند ماہ قبل انہوں نے ہمارا سماج کا یوٹیوب چینل بناکر ویڈیو پروگرام کا سلسلہ شروع کیا تھا ۔
اس سے قبل وہ ہندوستان ایکسپریس اور روزنامہ راشٹریہ سہارا اردو میں بھی رپورٹر کے فرائض انجام د ے چکے تھے۔ اردو صحافت میں ان کا شمار قابل احترام صحافیوں میں ہوتا تھا اور قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔
عامر سلیم خان بنیادی طور پر عالم دین تھے اور مشہور دینی درس گا ہ جامعہ سنابل دہلی سے انہوں نے فضیلت کورس کیا تھا۔ ان کا آبائی وطن اترپردیش کے ضلع بستی میں تھا لیکن طویل عرصہ سے دہلی کے منہدیان میں مقیم تھے۔ مرحوم کے وارثین میں اہلیہ اور تین بیٹے ہیں۔ بڑا بیٹا پندرہ سال کا ہے۔ ایک ماہ قبل مرحوم عامر سلیم خان کے والد کا بھی انتقال ہوا تھا۔
تجہیز وتکفین دہلی کے منہدیان قبرستان میں ہوگی۔