ترکیہ میں بھارتی یرٹیوبر کو اس وقت گرفتار کرلیا گیا جب اس نے ایک دکان میں بھارتی جھنڈا نہ ہونے پر ترکوں کو گندی گالیاں دیں اور اس کی ویڈیو وائرل ہوئی۔
ویڈیو میں بھارتی یوٹیوبر کو ایک ترک دکان میں داخل ہوتے دیکھا جاسکتا ہے، جہاں پاکستان سمیت مختلف ممالک کے جھنڈے لگے تھے، تاہم انڈیا کا جھنڈا نہ ہونے پر اس نے نازیبا الفاظ کا استعمال شروع کردیا جس پر ترکیہ کی حکام نے نوٹس لیتے ہوئے اُسے گرفتار کرلیا۔
یوٹیوبر دکاندار سے بھارتی جھنڈے کا پوچھتا ہے، جھنڈا نہ ملنے پر وہ کہتا ہے کہ آئندہ وہ دکان دار کے لیے بھارتی جھنڈا لیتا آئے گا، تاہم بعد میں وہ گالیاں دیتے ہوئے اور نازیبا الفاظ استعمال کرتے ہوئے دکان سے باہر چلا جاتا ہے۔
ترک میڈیا کے مطابق واقعے کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد ترک حکام نے نوٹس لیتے ہوئے بھارتی یوٹیوبر کو گرفتار کرکے اس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔
صرف یہی نہیں بلکہ ترک خواتین کے بارے میں ہندوستانی یوٹیوبر کے تضحیک آمیز تبصروں نے بھی بڑے پیمانے پر غم و غصے کو جنم دیا۔
واضح رہے کہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران ترکیہ نے پاکستان کی حمایت کا اعلان کیا تھا جس پر بھارت کو اختلاف ہوا۔ اس اعلان کے بعد بھارتی سیاحوں کی بڑی تعداد نے ترکیہ کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا تھا۔