ممبئی: بھارتی سوشل میڈیا صارفین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بالی ووڈ کے کنگ خان کہلانے والے شاہ رخ خان کا بائیکاٹ کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ٹوئٹر پر کنگ خان کے بائیکاٹ کا اعلان اس وقت سامنے آیا جب شاہ رخ خان کی نئی فلم پٹھان ریلیز ہونے والی ہے اور مبینہ طور پر بائیکاٹ کا مقصد بالی ووڈ کے بے تاج بادشاہ کی نئی فلم کو فلاپ کرنا اور شاہ رخ کو مالی نقصان پہنچانا ہے۔
یہ تنازعہ اس وقت شروع ہوا جب شاہ رخ خان کی ایک تصویر ماضی کے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور موجودہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ہمراہ سوشل میڈیا پر وائرل کی گئی جس کا تعلق 2008 سے ہے۔مودی نواز سوشل میڈیا صارفین نے الزام لگایا کہ شاہ رخ نے ان کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی۔
Retweet 🚩👇#BoycottShahRukhKhan pic.twitter.com/vkF7GOKg4c
— अहम् ब्रह्मास्मि (@Namo_bjp06) September 16, 2021
بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان نے بھارت میں کھڑے ہو کر پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی تعریف کی اور متعدد مرتبہ بھارت میں عدم برداشت کے رویوں کی نشاندہی کی جس پر بھارتی سوشل میڈیا صارفین نے ان کی خبروں کے تراشے، تصاویر اور بیانات کی مختصر ویڈیوز شیئر کرکے بائیکاٹ مہم شروع کردی۔
بھارتی سوشل میڈیا صارفین کا دعویٰ ہے کہ شاہ رخ خان کا نظریہ ان کی جنم بھومی اورگائے سمان مہان دیش بھارت ماتا کیلئے خطرناک ہے جبکہ کنگ خان بالی ووڈ فلم پٹھان میں بھارتی خفیہ ایجنسی راء کے ایجنٹ بن کر نمودار ہو رہے ہیں جو مسلمان ہوتا ہے۔ یہ کردار بھی بنیاد پرستوں کے جذبات مجروح کررہا ہے۔
فلم پٹھان میں شاہ رخ خان کے ہمراہ دپیکا پدوکون اور جان ابراہم کے علاوہ مہمان اداکار کے طور پر سلمان خان بھی کردار نبھائیں گے۔ بھارتی سوشل میڈیا صارفین نے شاہ رخ خان کو بالی ووڈ سے نکالنے کیلئے ان کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے تاہم یہ کوئی پہلا موقع نہیں جب کنگ خان کا بائیکاٹ کیا گیا ہو۔
ماضی میں آؤٹ لک ٹرننگ پوائنٹس میگزین میں شائع کیے گئے بی۔اِنگ خان نامی مضمون میں شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ مجھے سیاسی رہنما بھارت میں موجود مسلمانوں کے ایک ایسے کردار کے طور پر استعمال کرتے ہیں جو غلط ہے۔اس طرح میں ایسے رہنماؤں کا ایک مہرہ بن جاتا ہوں جسے وطن دشمن سمجھا جاسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اس بار ثبوت لے کر آؤں گا،یاسر حسین کی نوشین شاہ پر تنقید