بھارتی آرمی چیف کے بیانات خطے کے امن کوخطرے میں ڈال رہےہیں ،ڈی جی آئی ایس پی آر

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے بھارتی آرمی چیف مسلسل غیر ذمہ دارانہ بیانات دے کرخطے کے امن کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پراپنے پیغام میں ڈی جی آئی ایس پی آرمیجر جنرل آصف غفور کاکہناتھاکہ بھارتی آرمی چیف مسلسل غیر ذمہ دارانہ بیانات دے رہے ہیں، ان کے بیانات خطے کا امن متاثر کر رہے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی آرمی چیف سیاسی آقاؤں کو خوش کرنے کیلئے خطے کے امن کو خطرے میں ڈال رہے ہیں،ان کا بیان معصوموں کے خون سے رنگا ہے اور پاکستان کے ہاتھوں اٹھائے نقصانات کا نتیجہ ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کاکہنا تھا کہ جعلی سرجیل اسٹرائیک سے آج تک انہیں کوئی کامیابی نہیں ملی،انکی واحد کامیابی بھارتی فوج سے مدمعاشی کروانا اور ان کو مروانا ہی ہے، بھارتی آرمی چیف نے اپنی فوج کو ایک غنڈہ فوج میں بدل دیا ہے، وہ اپنی ہی فوج کو مروا رہے ہیں۔

میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ بھارتی آرمی چیف بپن راوت کے ہاتھوں پر بے گناہوں کا خون لگا ہے۔ بھارتی فورسز کو پاکستانی مسلح افواج سے کئی بار بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔ بھارتی آرمی چیف اپنے ہیلی کاپٹر کو گرانے کے بعد خود ہی ماتم کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ بھارتی آرمی چیف بپن راوت نے آزاد کشمیر میں دہشت گردوں کے مبینہ کیمپ تباہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا تاہم پاک فوج نے بھارت کا یہ دعویٰ مسترد کردیا تھا۔

بعد ازاں پاکستان کی دعوت پرعالمی میڈیا اور سفارت کاروں نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا تھاجہاں انہوں نےبھارت کی گولہ باری اور فائرنگ سے تباہ حال شہریوں کے گھر دیکھے اور ترجمان پاک فوج نے انہیں بریفنگ بھی دی تھی۔

مزید پڑھیں: عالمی میڈیا اور سفارتکاروں کا لائن آف کنٹرول کا دورہ، بھارتی بیانیہ بے نقاب