نئی دہلی: بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں پیلے رنگ کی گندم کے علاوہ کالی اور نیلی گندم بھی اگائے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے جو بیکری آئٹمز تیار کرنے کیلئے استعمال کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اب ریاست میں نیلی گندم بھی اگائی جارہی ہے جس کی برآمدات کے آرڈر موصول ہورہے ہیں۔
سیاہ فام خواتین روزگار حاصل کرکے نئی مشکلات کا شکار
وزیر اعلیٰ مدھیہ پردیش شیوراج چوہان نے کہا کہ اندور میں جی 20 ممالک کا زرعی اجلاس جاری ہے جس میں 30ممالک کے 89 مندوبین شریک ہیں۔ ہم کالی کے علاوہ نیلی گندم بھی پیدا کر رہے ہیں۔

ریاستی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مدھیہ پردیش گندم کی برآمدات میں پہلے نمبر پر ہے۔ نیلے رنگ کی گندم سیہور میں پیدا ہورہی ہے جو بیکری میں استعمال ہوتی ہے۔ اسے پیٹنٹ بھی کروا چکے ہیں۔
شیوراج چوہان نے کہا کہ سنگرولی کی نشا پاٹیدار ایک خاص قسم کے شوگر فری آلو بھی تیار کر رہی ہیں۔ موٹے اناج کا سیڈ بینک بھی بنایا گیا ہے۔ جی 20 کے رکن ممالک ان چیزوں کو دیکھ رہے ہیں۔
خیال رہے کہ بھارت کی میزبانی میں جی 20 ممالک کا اجلاس اندور میں ہورہا ہے جس کی صدارت بھارت کی بی جے پی حکومت کر رہی ہے، تاہم اس میں پاکستان نے شرکت نہیں کی۔