لاہور: صوبہ پنجاب کے ضلع راجن پور میں قومی اسمبلی کی خالی نشست این اے 193 پر الیکشن ہوگا۔ چیئرمین پی ٹی آئی و سابق وزیر اعظم عمران خان نے کاغذاتِ نامزدگی حاصل کر لیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق راجن پور میں جام پور سے تعلق رکھنے والی قومی اسمبلی کی نشست این اے 193 پر پی ٹی آئی رکنِ اسمبلی سردار جعفر لغاری براجمان تھے جن کے انتقال پر نشست خالی ہوگئی۔ الیکشن کمیشن کے اعلان کے مطابق ضمنی انتخاب 26فروری کو ہوگا۔
کراچی میں سیاسی تصادم، علی زیدی زخمی
پاکستان تحریکِ انصاف حلقے سے انتخاب لڑنے کا اعلان کرچکی ہے۔ این اے 193 سے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان الیکشن لڑیں گے جس کیلئے الیکشن کمیشن سے کاغذاتِ نامزدگی عمران خان کو موصول ہوئے۔ عمران خان این اے 193 پر پاکستان تحریکِ انصاف کی نمائندگی کریں گے۔
قبل ازیں اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریکِ انصاف کے 35اراکین کے استعفے منظور کر لیے۔ پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا کہ تمام 33 حلقوں سے عمران خان الیکشن لڑیں گے۔ تحریکِ انصاف کوئی نشست خالی نہیں چھوڑے گی۔ واضح رہے کہ 35 میں سے 2 مخصوص نشستوں کیلئے ضمنی انتخاب نہیں ہوگا۔
قبل ازیں تحریکِ انصاف کے رہنما عثمان بزدار پنجاب کے وزیر اعلیٰ رہے جس کے بعد حمزہ شہباز نے یہ عہدہ کچھ وقت کیلئے سنبھالا جس کے بعد پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ ق لیگی رہنما پرویز الٰہی وزیر اعلیٰ کے منصب پر فائز ہوئے۔ تحریکِ انصاف 2018 کے عام انتخابات میں پنجاب کی اہم سیاسی جماعت بن کر ابھری تھی۔