صوبہ سندھ کے گورنر عمران اسماعیل کے مطابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان آج مختصر دورے کے لیے کراچی آ رہے ہیں جبکہ انہوں نے یہ بات گزشتہ روز کہی۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے گزشتہ روز اپنے بیان میں بتایا کہ وزیر اعظم عمران خان کراچی کا دورہ کریں گے جس کے دوران روشنیوں کے شہر میں عوام کے مسائل کو اجاگر کیا جائے گا۔ مسائل کے حل پر گفتگو ہوگی۔
دورۂ کراچی میں وزیر اعظم عمران خان وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و خصوصی امور اسد عمر کے صاحبزادے کی شادی میں بھی شرکت کریں گے جس کے بعد وفاقی دارالحکومت واپسی ہوگی۔
گورنر عمران اسماعیل نے پاکستان میں تحریکِ انصاف حکومت کے معاشی ایجنڈے کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ اقتصادی طور پر پاکستان کی پوزیشن بہتر ہوئی ہے۔ بین الاقوامی ادارے ہم پر اعتماد کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ سے ہمارے 2 جوان شہید ہوئے، کسی بھی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ روز اپنے پیغام میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ بھارت کی کسی بھی مہم جوئی سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ بھارت کسی بھول میں نہ رہے۔
شہید ہونے والے پاک فوج کے عظیم سپاہیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے شہداء کے خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔
مزید پڑھیں: کسی بھی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ عمران اسماعیل