کراچی: وفاقی وزیر برائے صحت عبدالقادر پٹیل کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی میڈیکل رپورٹ میں فریکچر نہیں منشیات نکلیں ہیں،عمران خان کی دماغی حالت پر بھی سوالیہ نشان موجود ہے۔
وفاقی وزیر صحت عبد القادر پٹیل کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عمران خان گرفتارہوا، پمز ہسپتال بھجوایا گیا وہاں ان کا میڈیکل بھی ہوا،یہ موصوف 5، 6 ماہ پلستر لگا کر گھومتے رہے، پلستر پر سیاست الگ کی گئی،عمران خان کی کسی رپورٹ میں فریکچر نہیں ہے۔
عبد القادر پٹیل نے کہا کہ ابھی رپورٹ کا مرحلہ نہیں آیا تھا لیکن انہیں عدالت سے مثالی انصاف مل گیا، میڈیکل رپورٹ پوری طرح منظرعام پر نہیں آسکی تھی، پی ٹی آئی چیئرمین کا یورین سیپمل بھی لیا گیا، وفاقی وزیر صحت نے الزام لگایا کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق شراب، کوکین کا بے دریغ استعمال کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو کیا ہوا، ہم نے75سالوں میں ایسے حالات نہیں دیکھے، اس نے ملکی استحکام کی ریڈ لائن بھی عبور کر دی ہے، انہوں نے کہا کہ جن ڈاکٹروں کی تجاویز پر پلستر چڑھایا گیا ان ڈاکٹروں کی تحقیقات کرائیں گے، ذہنی مریضوں کے لیے ہم نے 1122 سروس شروع کر دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیکل رپورٹ کے مطابق میں نے کہا تھا جب پکڑے جائیں گے تو میڈیکل رپورٹس بھی بنیں گی، انہوں نے کہا کہ رپورٹ کے مطابق عمران خان کی ذہنی صحت پر بھی سوالیہ نشان ہیں، عمران خان کی رپورٹ میں کسی قسم کے فریکچر کا ذکر نہیں۔
انہوں نے کہا کہ فریال تالپور کو عید کی رات 12 بجے گرفتار کیا گیا، فریال تالپور کو ڈاکٹرز نے اَن فٹ قرار دیا لیکن ان کو چاند رات کو گرفتار کیا، آصف زرداری بیمار تھے ان کو گرفتار کیا۔
عبد القادر پٹیل نے کہا کہ ریمانڈ کے طور پر آپ کو ضمانت ملی لیکن جو چیز ریکارڈ پر ہے، عمران کو ایسا انصاف ملا کہ اگلے، پچھلے سارے گناہ معاف ہو جائیں، ڈیم والے جج نے اس کو صادق اور امین قرار دیا۔
عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ کتنے فیصد کوکین، کتنے فیصد شراب تھی مکمل رپورٹ کے بعد اسے بھی شیئر کیا جائے گا، جب یہ وزیراعظم تھا میں تب بھی کہتا تھا کہ یہ دماغی طور پر ٹھیک نہیں ہے اس کو میوزیم میں رکھو۔
انہوں نے کہا کہ ہم شہدا کی بے حرمتی کا سوچ بھی نہیں سکتے، عمران خان اپنے جھوٹ کو سچ کہتا ہے اور دوسروں کو منوانے کی کوشش کرتا ہے، ہمارا بھی اداروں کی پالیسیوں سے اختلاف رہا، جب ملک پر بُرا وقت آیا تو ہم افواج کے ساتھ کھڑے ہوئے۔
مزید پڑھیں:کیا جہانگیر ترین نئی سیاسی جماعت بنانے جا رہے ہیں؟
وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ جب سے عمران خان حکومت سے نکالا گیا اس نے نوجوانوں کو بھی غلط راستے پر لگایا، اپنے بچوں کو اس کے حوالے نہیں کریں۔