کراچی:سندھ کے وزیر برائے اینٹی کرپشن، آبپاشی اور زکواۃ و عشرسہیل انور سیال نے سندھ میں بدعنوان عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہاہے کہ کرپٹ اداروں و افراد کا احتساب جاری رہے گا ۔
اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے والے افسران و عملہ کے خلاف بھی ضابطہ کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔محکمہ اینٹی کرپشن و اسٹیبلشمنٹ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سہیل انور سیال نے محکمے کے افسران سے بریفنگ لی ۔
صوبے بھر میں بدعنوانی کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں کے تمام ریکارڈز ،اعدادوشمار اور مقدمات کے چالان کی تفاصیل کو مرتب کرکے ڈیٹا کی شکل میں محفوظ رکھنے کے احکامات بھی جاری کیے۔
مزید پڑھیں :سندھ میں با اثر افسران کا قومی خزانے پر7 ارب کا ڈاکہ، محکمہ اینٹی کرپشن خاموش
_دوران اجلاس محکمہ کے افسران نے صوبائی وزیر کو محکمہ اینٹی کرپشن سندھ کی حوصلہ افزا کارکردگی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبے بھر میں بدعنوان عناصر کے خلاف چھاپہ مار کاروائیاں کی جارہی ہیں جس کے نتیجے میں محکمہ پر عوام کا اعتماد مزید بہتر اور بحال ہورہا ہے ۔
جس پر صوبائی وزیر سہیل انور سیال نے کہا کہ بلاتفریق کارروائیوں پر محکمہ اینٹی کرپشن کا عوام کے سامنے مثبت تاثر اجاگر ہونا خوش آئند امر ہے ۔
صوبائی وزیر برائے اینٹی کرپشن نے دوران اجلاس اضلاع میں سرکل آفیسر کی خالی اسامیوں کو فوری پر کرنے کے بھی احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام سرکل آفیسر اپنے اضلاع میں متحرک رہیں اور بدعنوان عناصر کے خلاف ملنے والی شکایات پر تحقیقات کے بعد قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے کاروائی عمل میں لائیں۔
یہ بھی پڑھیں :محکمہ اینٹی کرپشن کاسب رجسٹرار شاہ فیصل کے دفتر پہ چھاپہ ،ریکارڈ ضبط