اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیراعظم عمران خان کے خواجہ آصف کے خلاف دس ارب روپے ہرجانہ کیس میں خواجہ آصف کی ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست پر وزیر اعظم عمران خان کو نوٹس جاری کر تے ہوئے جواب طلب کرلیا ۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کیس کی سماعت کی ۔ وکیل نے کہاکہ ٹرائل کورٹ نے وزیراعظم عمران خان کی کچھ دستاویزات نکالنے کی درخواست منظور کی، خواجہ آصف نے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ہے۔
چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا کہ خواجہ آصف کی نااہلی کا حکم اسی عدالت نے دیا تھا، کیا خواجہ آصف کو اس بینچ پر کوئی اعتراض ہے؟
وکیل خواجہ آصف علی شاہ گیلانی نے کہاکہ2012 سے عمران خان کا ہرجانہ کیس زیر التوا ہے، خواجہ آصف کو آپ کے کیس سننے پر کوئی اعتراض نہیں۔
چیف جسٹس نے کہاکہ کیا ابھی تک زیرالتوا ہے؟ عدالت نے کس سٹیج پر کہا یہ دستاویزات متعلقہ نہیں۔کیس کی مزید سماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کردی گئی۔خواجہ آصف نے شوکت خانم اور فارن فنڈنگ کے حوالے سے 2012 میں عمران خان پر الزامات لگائے تھے۔