اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ کا کہنا ہے کہ ملک میں سیکیورٹی کی صورت حال بہت بہتر ہوئی ہے، پاکستان کو سفارت کاری کے لیے محفوظ ملک قرار دیا جا چکا ہے۔
وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 9 سال میں اسلام آباد کی آبادی تین گنا بڑھ گئی ہے، آبادی میں اضافے کے باوجود اسلام آباد پولیس میں اضافہ نہیں ہوا، پولیس کے محکمے میں 9 سال بعد بھرتیاں کی جارہی ہیں۔
وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا کہ ڈپلیومیٹک انکلیو کی سیکیورٹی کی بہتری کے اقدامات کر رہے ہیں، اسلام آباد میں 1260 اہلکار بھرتی کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی حکومت اس وقت دباؤ میں ہے، وزیر اعظم نے جو آواز اٹھائی ہے امید ہے مقبوضہ وادی سے کرفیو اٹھے گا۔ 27 اکتوبر کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے قبضہ کیا تھا۔
بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ کا کہناتھا کہ مولانا فضل الرحمان کا اسلام آباد آنا خود کشی ہوگی، وہ یہاں نہیں آئیں گے اور پوری امید ہے دھرنا نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 1947 میں 27 اکتوبر کو بھارت نے کشمیر پر قبضہ کیا تو کیا مولانا اسی تاریخ پر اسلام آباد پر قبضہ کرنے آرہےہیں؟ امید ہے مولانا نہرو کی صف میں کھڑا ہونا نہیں چاہیں گے۔