پاکستان کی معروف ڈیجیٹل کانٹینٹ کریٹر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر عریقہ حق نے ایک انٹرویو میں اپنی ذاتی زندگی کے ایک مشکل مرحلے سے پردہ اٹھاتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ وہ ڈپریشن کا شکار رہ چکی ہیں۔
عریقہ حق، جن کے ٹک ٹاک پر 12 ملین سے زائد فالوورز ہیں، کئی مشہور گانوں میں بھی جلوہ گر ہو چکی ہیں، جن میں گلوکار عاصم اظہر کا مقبول گانا ’تم تم‘ بھی شامل ہے۔
انٹرویو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ڈپریشن کے دنوں میں انہیں اپنے اہلِ خانہ کا مکمل تعاون حاصل تھا، تاہم کچھ مشہور شخصیات نے بھی ان کی ذہنی صحت بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
عریقہ نے اداکارہ صبا قمر کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ “صبا قمر نے میرا نمبر عاصم اظہر سے حاصل کیا اور مجھ سے فون پر بات کی۔ انہوں نے نہ صرف مجھے تسلی دی بلکہ پرسکون رہنے کے مفید مشورے بھی دیے۔”
عریقہ کے مطابق، صبا قمر کی باتوں پر عمل کرنے سے انہیں ڈپریشن پر قابو پانے میں بہت مدد ملی۔ انہوں نے اس تجربے کو زندگی کا اہم سبق قرار دیا اور کہا کہ ایسی مشکل گھڑی میں جذباتی مدد اور مثبت رویہ بہت معنی رکھتا ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان شوبز انڈسٹری کی کئی شخصیات ذہنی دباؤ اور ڈپریشن جیسے حساس موضوعات پر کھل کر بات کر رہی ہیں، تاکہ عوام میں آگاہی پیدا کی جا سکے۔