مارول اسٹوڈیوز کی نئی فلم گارڈینز آف دی گیلکسی کا تیسرا اور آخری حصہ کئی لحاظ سے منفرد ہے۔ اس فلم کی باکس آفس اوپننگ نے سپر ماریو برادرز سے پہلی پوزیشن لے لی جب کہ اس کی ہدایات حریف ڈی سی اسٹوڈیوز کے موجودہ چیف ایگزیکٹو آفیسر جیمز گن نے دی ہے۔
ڈی سی اسٹوڈیوز کا رخ کرنے سے قبل ہی جیمز گن گارڈینز آف دی گیلکسی کے تینوں حصوں کی ہدایت کاری دے چکے تھے۔
پانچ مئی کوریلیز ہونے والی اس فلم نے باکس آفس موجو کے مطابق پہلے ویک اینڈ پر دنیا بھر سے 28 کروڑ 93 لاکھ ڈالرز کا بزنس کیا جس میں 11 کروڑ 84 لاکھ ڈالرز صرف شمالی امریکہ اور کینیڈا سے کمائے گئے۔
دیگر ممالک سے اس فلم نے اب تک 20 کروڑ 56 لاکھ ڈالرز کمائے ہیں جسے اس فلم کی کامیابی تو کہا جاسکتا ہے لیکن مارول اسٹوڈیوز کے لحاظ سے یہ رقم خاصی کم نظر آتی ہے۔ پہلے ویک اینڈ پر بزنس کےلحاظ مجموعی طور پر یہ فلم مارول فلموں میں 19 ویں نمبر پر آتی ہے۔
گارڈینز آف دی گیلکسی والیوم 3 کی کہانی
گارڈینز آف دی گیلکسی کی پہلی فلم سال 2014 اور دوسری 2017 میں ریلیز ہوئی تھی اور دونوں ہی فلمیں باکس آفس پر کامیاب تھیں۔ تاہم لگ بھگ 6 برس بعد والیوم تھری ریلیز کی گئی۔
سیریز کی تیسری فلم کی کہانی صرف ‘گارڈینز آف دی گیلکسی’ نامی گروہ کے گرد گھومتی ہے جو نو ویئر نامی سیارے پر سکون سے زندگی گزار رہے ہوتے ہیں کہ اچانک ان کی ٹیم پر ایک حملہ ہوتا ہے۔ اس حملے میں ان کا پائلٹ اور ٹیم کا اہم رکن راکٹ ریکون شدید زخمی ہوجاتا ہے۔
راکٹ کی زندگی بچانے کے لیے ٹیم کو ایک ایسے کوڈ کی ضرورت ہوتی ہے جو صرف اس کمپنی کے پاس ہوتا ہے جس نے ماضی میں اس پر تجربات کیے ہوتے ہیں۔
کاسٹ
اس فلم میں کرس پریٹ، زو سلڈانا، ڈیو بوٹیسٹا، کیرن گیلن، پوم کلیمینٹیف، ون ڈیزل، بریڈلی کوپر، ول پولٹر، شان گن، چکودی ایوجی، لنڈا کارڈیلینی، ناتھن فلیون، اور سلویسٹر اسٹالون سمیت دیگر کاسٹ شامل ہیں۔
او ٹی ٹی پر کب ریلیز ہوگی؟
اوٹی ٹی پلیٹ فارم ڈزنی + پر فلم کا پریمیئر متوقع ہے اور ایسا بتایا جارہا ہے کہ 28 جولائی کو یہ او ٹی ٹی پلیٹ فارم دستیاب ہوگی۔