پاکستان ریلوے نے کراچی سے تین عید اسپیشل ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا ہے، پہلی عید اسپیشل ٹرین آج (26 مارچ) دوپہر 1 بجے کراچی کینٹ اسٹیشن سے لاہور کے لیے روانہ ہوگی۔
دو ٹرینیں کراچی سے لاہور جبکہ ایک ٹرین کراچی سے راولپنڈی جائے گی۔دوسری عید اسپیشل ٹرین 27 مارچ (کل) رات 8:30 بجے کراچی سٹی اسٹیشن سے راولپنڈی کے لیے روانہ ہوگی۔
تیسری عید اسپیشل ٹرین 28 مارچ (جمعہ) رات 9:00 بجے کراچی کینٹ اسٹیشن سے لاہور کے لیے روانہ ہوگی۔ان خصوصی ٹرینوں میں مجموعی طور پر 16 ڈبے شامل ہوں گے جن میں 2 اے سی بزنس، 2 اے سی اسٹینڈرڈ، 10 اکانومی کلاس کوچز، 1 پاور وین اور 1 بریک وین شامل ہیں۔ ان ٹرینوں میں 1,062 مسافروں کے لیے گنجائش ہوگی۔
یہ عید اسپیشل ٹرینیں عید الفطر کے موقع پر مسافروں کے غیر معمولی رش کو کم کرنے کے لیے چلائی جا رہی ہیں۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان ریلوے نے عید کے تینوں دنوں میں تمام مسافروں کے کرایوں پر 20 فیصد رعایت دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔