اعلیٰ تعلیمی کمیشن نے لاہور اور ملتان میں شدید اسموگ کے باعث یونیورسٹیوں اور کالجز کو بند کرنے کی ہدایت کی ہے،طلبہ اور عملے کو مضر ہوا کے اثرات سے بچانے کے لیے کلاسز آن لائن منعقد کی جائیں گی۔
پنجاب میں اسکولز کی بندش
پنجاب بھر میں مری کے علاوہ تمام اسکولز 24 نومبر تک بند رہیں گے۔ یہ اقدام حکومت کی جانب سے بڑھتی ہوئی آلودگی کے اثرات کو کم کرنے کی کوشش کا حصہ ہے۔ پنجاب حکومت نے بیرونی سرگرمیوں پر بھی پابندی عائد کر دی ہے اور شہریوں کو ماسک پہننے اور غیر ضروری باہر جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
لاہور اور ملتان میں لاک ڈاؤن
لاہور اور ملتان میں جمعہ، ہفتہ، اور اتوار کیلئے تین روزہ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے تاکہ اسموگ کے بحران سے نمٹا جا سکے۔ حکام فضائی معیار کی نگرانی کر رہے ہیں اور اگر حالات میں بہتری نہ آئی تو مزید سخت اقدامات نافذ کیے جا سکتے ہیں۔
تعمیراتی سرگرمیوں پر پابندی
لاہور اور ملتان میں 16 نومبر سے ایک ہفتے کے لیے تمام تعمیراتی سرگرمیاں معطل کر دی گئی ہیں۔
وزیر اطلاعات و ماحولیات
وزیر اطلاعات و ماحولیات، مریم اورنگزیب نے اسموگ کے سنگین صحت کے خطرات کو اجاگر کرتے ہوئے اسے کورونا وائرس سے تشبیہ دی۔ بحران سے نمٹنے کے لیے مارکیٹس کو رات 8 بجے بند کیا جا رہا ہے، پیرا میڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں، اور اسپتالوں کی او پی ڈی کے اوقات میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔