اسلام آباد اور راولپنڈی میں تیز آندھی کے ساتھ موسلا دھار بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا، حکام نے راولپنڈی نے رین ایمرجنسی نافذ کردی۔
وفاقی دارالحکومت میں تیز آندھی کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جس سے درجہ حرارت میں کمی بھی آئی ہے۔
اسلام آباد میں موسم کی خرابی کے باعث فلائٹ آپریشن بھی شدید متاثر ہوا ہے،6 پروازوں کو متبادل لینڈنگ کرانا پڑا جبکہ 11 ملکی اور غیر ملکی پروازیں مقررہ وقت پر روانہ نہ ہوسکیں۔
ابوظبی سے اسلام آباد پہنچی پرواز پی کے 262 پشاور اتارلی گئی، شارجہ اسلام آباد کی پرواز پی کے 182 کو کراچی لینڈ کرایا گیا۔
ابوظبی سے اسلام آباد کی پرواز ای وائی 300 کو ملتان اتارا گیا، کراچی سے اسلام آباد پہنچی پرواز پی کے 308 کو بھی ملتان موڑ دیا گیا، کوئٹہ اسلام آباد کی نجی ائیر کی پرواز ایف ایل 857 کو پشاور لینڈنگ کرنا پڑی۔
طوفان اسلام آباد کے بعدلاہور کی طرف بڑھ رہا ہے، فلائٹس کے لیے الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ محکمہ موسمیات نے وفاقی دارالحکومت میں آج ( جمعرات کو) گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی تھی۔