جب کبھی بھی بات کھانوں اور ذائقوں کی ہو تو شہرِ قائد ہمیشہ بازی لے جاتا ہے، شہر میں کئی ایسے مقامات ہیں جہاں پر لذیذ قسم کے کھانے دستیاب ہیں انہی میں سے ایک کیماڑی سی فوڈ کا مقام بھی ہے۔
کراچی کے علاقے کیماڑی میں انواع و اقسام کی سمندری غذائیں یا سی فوڈز دستیاب ہیں جہاں پر شہریوں کی بڑی تعداد لذیذ کھانوں سے لطف اندوز ہونے کیلئے روز رخ کرتی ہے۔
کیماڑی کی سی فوڈ اسٹریٹ میں دستیاب گرلڈ لوبسٹر ذائقے اور لذت میں اپنی مثال آپ ہیں۔ لوبسٹر فروخت کرنے والوں کا کہنا ہےکہ لوبسٹر کو مچھلی کے جال کے ذریعے پکڑاجاتا ہے کچھ ایسے مخصوص مقامات ہیں جہاں پر لوبسٹر بڑی تعداد میں موجود ہوتے ہیں۔
کیماڑی میں گرلڈ لوبسٹر فروخت کرنے والے نعیم کا کہنا تھا کہ مقامی لوگوں کے بجائے بیرون ملک سے آنے والے لوگ زیادہ شوق سے لوبسٹر کھاتے ہیں اور جو لوگ یہاں پر لوبسٹر کھانے کیلئے آتے ہیں وہ ہمیں ایک دن پہلے آرڈر دیتے ہیں پھر ہم اُن کے لئے تازے لوبسٹر منگواتے ہیں۔
کیماری سی فوڈ اسٹریٹ پر لوبسٹر کو تین طرح سے پیش کیاجاتا ہے جیسے کڑھائی ، گرلڈ اور فرائی لیکن زیادہ تر لوگ گرلڈ لوبسٹر کھانا پسند کرتے ہیں جس کو باربی کیو کا مصالحہ لگاکر تیار کیا جاتا ہے۔
قیمت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس کا انحصار لوبسٹر کے وزن پر ہوتا ہے اگر لوبسٹر ایک کلو کا ہے تو اس کی قیمت 4000 ہوگی اور اگر اس کا وزن ایک کلو سے کم ہے تو وہ 4000 سے کم قیمت پر دستیاب ہوگا۔
اگر آپ کیماڑی سی فوڈ اسٹریٹ پر دستیاب مزیدار گرلڈ لوبسٹر کھانے کا ارادہ رکھتے ہیں تو عام دنوں میں شام 6 بجے سے لے کر رات 1 بجے کے درمیان وہاں پر جاسکتے ہیں جبکہ چھٹی کے دنوں میں یہ رات کے 4 بجے تک بھی کھلا ہوتا ہے۔