ہاکی ورلڈ کپ سے پاکستان غائب، سابق اولمپینز نے تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دے دیا

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

ہاکی کا ورلڈ کپ رواں برس پاکستان کے بغیر کھیلا جائے گا کیونکہ قومی ٹیم ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی نہیں کرسکی۔ سابق اولمپینز کا کہنا ہے کہ یہ قومی کھیل ہاکی کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔

تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں گزشتہ روز سابق کپتان ہاکی ٹیم ڈاکٹر طارق عزیز، منظور الحسن، خواجہ جنید اور کرنل (ر) مدثر اصغر نے کہا کہ پاکستان کے بغیر ہاکی ورلڈ کپ کا انعقاد پاکستان جیسے ملک کیلئے بد قسمتی سے کم نہیں جو 4 بار ورلڈ چیمپین کے مقام تک پہنچا۔

یہ بھی پڑھیں:

سعودی عرب میں ویمن فٹبال کا عالمی ٹورنامنٹ، پاکستان بھی شریک

بیان میں سابق اولمپین ڈاکٹر طارق عزیز نے کہا کہ پاکستان کی ورلڈ کپ سے غیر حاضری کیلئے الفاظ نہیں، صرف آنسو بہا سکتے ہیں، یہ ہم سب کیلئے شرمندگی کا وقت ہے۔ ہاکی کے معاملات چلانے والے قومی کھیل سے اخلاص کا مظاہرہ نہیں کر رہے جبکہ بھارت چوٹی کا ہاکی کھیلنے والا ملک بن گیا۔

ڈاکٹر طارق عزیز نے کہا کہ بھارت مسلسل دوسری بار عالمی کپ کروا رہا ہے۔ اولمپین منظور الحسن نے کہا کہ دکھ چھوٹا سا لفظ ہے، ہاکی سے پیار کرنے والے تمام پاکستانی اس وقت دکھی ہیں۔ ہم نے 4 بار ورلڈ کپ اپنے نام کیا، آج ہاکی میں پاکستان کا کوئی نام و نشان نہیں۔

منظور الحسن نے کہا کہ فیڈریشن حکام طویل وقت ملنے کے باوجود ٹیم کو کوالیفائی نہ کروا سکے جو بڑا سانحہ ہے، ورلڈ کپ کھیلنے کے خواہش مند اولمپینز 4سال مزید انتظار پر مجبور ہو گئے۔ کرنل (ر) مدثر اصغر کا کہنا تھا کہ پاکستان پہلی سے سترہویں پوزیشن پر پہنچ گیا ہے۔

کرنل مدثر اصغر نے کہا کہ یہ کھیل کی تباہی سے کم نہیں بلکہ ہاکی فیملی کیلئے یہ سخت غم و اندوہ کے لمحات ہیں کہ عالمی کپ میچز میں پاکستان کہیں نظر نہیں آئے گا۔ فیڈریشن حکام نے اپنا کام ٹھیک طرح سے نہیں کیا۔ہار جیت ہوتی رہتی ہے لیکن دو تین سال بعد پھر عروج مل جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری ٹیم مسلسل 10سال سے ہار رہی ہے۔ ہمیں ہاکی کے میدان نے پہچان دی۔ اگر قومی کھیل کی ترقی پر کام نہ کیا گیا تو چند کھیلنے والے لڑکے بھی ہاکی سے کنارہ کش ہوجائیں گے۔ سابق کوچ خواجہ جنید نے کہا کہ ماضی کو بھول کر ہمیں مستقبل کی فکر اور تیاری کرنا ہوگی۔

واضح رہے کہ پاکستان کے بغیر گزشتہ روز شروع ہونے والے ہاکی ورلڈ کپ کے عالمی ٹورنامنٹ میں آسٹریلیا، ارجنٹینا، بیلجیئم، فرانس، انگلینڈ، چلی، بھارت، جاپان، جرمنی، کوریا، نیدرلینڈز، ملائشیا، جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، اسپین اور ویلز کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

 

Related Posts