مس انگلینڈ 2024، ملا میگی نے بھارت میں جاری مس ورلڈ 2025 مقابلے سے اچانک دستبرداری اختیار کرلی ہے جس سے عالمی سطح پر صفِ اول کے خوبصورتی مقابلوں کی حقیقت بے نقاب ہوگئی ہے۔
ملا میگی نے الزام عائد کیا کہ انہیں اور دیگر حریفوں کو بھارتی شہر حیدرآباد میں منعقدہ ایک تقریب میں مالدار مرد اسپانسرز کی تفریح کے لیے پیش کیا گیا جس سے وہ خود کو “جسم فروش” اور “پرفارمنگ منکی” محسوس کر رہی تھیں۔
مس انگلینڈ 2024، ملا میگی نے مزید کہا کہ جب انہوں نے سماجی مقاصد پر بات کرنے کی کوشش کی تو انہیں نظرانداز کیا گیا۔
مس ورلڈ کے منتظمین نے ملا میگی کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی والدہ کی خراب صحت کے باعث مقابلے سے دستبردار ہوئیں، اس کے جواب میں ملا میگی نے کہا کہ انہوں نے واپسی کے لیے اپنی والدہ کی صحت کا بہانہ بنایا تھا تاکہ وہ ان حالات سے بچ سکیں جو ان کے لیے اخلاقی طور پر قابلِ قبول نہیں تھے۔
یہ واقعہ اس بات کا غماز ہے کہ خوبصورتی کے عالمی مقابلے محض ظاہری دلکشی تک محدود نہیں ہیں، بلکہ ان کے پیچھے طاقتور اسپانسرز اور کاروباری مفادات کا کھیل بھی چھپا ہوتا ہے۔
ملا میگی کی اس جرات مندانہ قدم نے نہ صرف مس ورلڈ کی حقیقت کو بے نقاب کیا بلکہ دنیا کو یہ سوچنے پر مجبور کیا کہ کیا واقعی یہ مقابلے خواتین کے احترام اور وقار کے مطابق ہیں؟