چنئی: انڈین پریمئر لیگ 2025 میں سن رائزرز حیدرآباد نے چنئی سپر کنگز کو ان کے ہوم گراؤنڈ پر پہلی بار شکست دے کر ایک یادگار کامیابی حاصل کی، کامندو مینڈس کی آل راؤنڈ کارکردگی اور ہرشل پٹیل کی شاندار بولنگ نے حیدرآباد کو آٹھ گیندیں قبل فتح دلائی۔
چنئی سپر کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 154 رنز بنائے، جو حیدرآباد کے خلاف کم ثابت ہوئے، خاص طور پر شام کے وقت پڑنے والی اوس کے اثر کے باعث یہ رنز ناکافی تھے۔
ڈیوالڈ بریوس نے شاندار 42 رنز بنائے جبکہ ایشان کشن 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہے تاہم حیدرآباد کے بولرز نے درمیانی اوورز میں واپسی کرتے ہوئے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔
ہرشل پٹیل نے چار اوورز میں صرف 26 رنز دے کر دو اہم وکٹیں حاصل کیں، جن میں مہندر سنگھ دھونی کی وکٹ بھی شامل ہے۔ کپتان پیٹ کمنز اور جے دیو انادکٹ نے بھی اہم مواقع پر وکٹیں حاصل کر کے سی ایس کے کی پیش قدمی کو روکا۔
ہدف کے تعاقب میں کامندو مینڈس نے نہ صرف شاندار فیلڈنگ کی بلکہ 22 گیندوں پر 32 رنز کی فاتحانہ اننگز بھی کھیلی۔ نیتیش کمار ریڈی کے ساتھ ان کی شراکت نے حیدرآباد کو کامیابی کی راہ پر گامزن کیا۔
اس میچ کی فتح کے ساتھ سن رائزرز حیدرآباد نے اپنی مہم میں نئی جان ڈال دی ہے، جبکہ چنئی سپر کنگز کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔