مکہ مکرمہ: سعودی عرب میں مناسکِ حج کی ادائیگی آج سے شروع ہوگی، دنیا بھر سے آئے ہوئے عازمینِ حج مقدس فرائض کی انجام دہی کی ابتدا آج کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں حج کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی۔ خادمِ حرمین شریفین کی طرف سے عازمینِ حج کیلئے خصوصی بس سروس کا اہتمام کیا گیا ہے۔
کورونا کے پھیلاؤ کے خدشات کے پیشِ نظر سماجی فاصلے اور ماسک پہننے سمیت دیگر ایس او پیز کا سختی سے اہتمام کیا جائے گا۔
دنیا بھر سے عازمینِ حج مناسک کی ادائیگی کیلئے مکہ مکرمہ پہنچنے لگے۔ رواں برس سعودی عرب میں مقیم 60 ہزار افراد حج کی سعادت حاصل کرسکیں گے۔
حج کا رکنِ اعظم وقوفِ عرفہ پیر کے روز ادا کیا جائے گا۔ سعودی چیمبر آف کامرس کا کہنا ہے کہ نماز کے اوقات میں دکانیں بند نہیں کی جائیں گی۔
سعودی چیمبر آف کامرس کے بیان کے مطابق دکانیں بند ہونے سے ایک دم لوگوں کا ہجوم امڈ آتا ہے رش کی وجہ سے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد ممکن نہیں رہتا۔
قبل ازیں حج سیکیورٹی کمانڈر نے اعلان کیا کہ رواں سال کرونا وبا کی وجہ سے حجاج کرام کی تعداد کو محدود رکھا گیا ہے تاکہ حج کے دوران حجاج کرام وبا سے بچ سکیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حج سیکیورٹی کمانڈ نے 3روز قبل واضح کیا کہ کسی شخص کو بغیر اجازت کے مقدس مقامات میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ مشاعر مقدسہ میں خدمات انجام دینے والے کارکنوں اور عملے کو وزارت داخلہ کی طرف سے خدمات کی فراہمی کی اجازت ہوگی۔
مزید پڑھیں: حجاج کرام کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کے انتظامات مکمل