سان فرانسسکو: ہیکرز نے کرپٹو کرنسی چوری کرنے کیلئے گیمنگ ایپس کا استعمال شروع کردیا۔
امریکہ میں فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن نے خبردار کیا کہ ہیکرز آن لائن گیمز میں جعلی انعامات کا استعمال کرکے لاکھوں مالیت کی کرپٹو کرنسی چوری کررہے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہیکرز گیمنگ ایپس پر لوگوں کو کرپٹو کرنسی میں چیزیں خریدنے پر زور دیتے ہیں، وہ اُن کے والٹ میں سے پیسے نکال لیتے ہیں، جس کے بعد وہ انھیں یہ بتاتے ہیں کہ وہ اگر چاہیں تو سرمایہ کاری کرکے اپنے پیسے واپس لے سکتے ہیں لیکن جیسے ہی کوئی سرمایہ کاری کرتا ہے تو ہیکرز اسے فریب دے دیتے ہیں۔
سال 2022 میں کرپٹو کرنسی سے متعلقہ جرائم میں 58 فیصد اضافہ ہوا
دوسری جانب مصر میں کرپٹو کرنسی کے ذریعے لوگوں سے کروڑوں روپے لوٹنے والے 29 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار کیے گئے ملزمان میں 13غیرملکی شامل ہیں جنہوں نے آن لائن کرپٹو کرنسی فراڈ میں ہزاروں شہریوں سے مجموعی طور پر لگ بھگ 6لاکھ 20ہزار ڈالر (تقریباً 17کروڑ23لاکھ روپے) لوٹے۔
اس گروپ نے ’HoggPool‘ کے نام سے ایک آن لائن پلیٹ فارم بنا رکھا تھا، جس کے ذریعے وہ لوگوں کو کرپٹو کرنسی مائننگ اور دیگر سروسز کے ذریعے بھاری منافع کا لالچ دے کر ورغلاتے اور ان سے سرمایہ کاری کرواتے تھے۔اس گروہ نے مذکورہ پلیٹ فارم گزشتہ سال اگست میں بنایا تھا جو رواں سال فروری میں اچانک بند کر دیا گیا اور ملزمان سرمایہ کاروں کی رقم لے کر غائب ہو گئے۔