اسلام آباد: وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے جمعہ کے روز اعلان کیا کہ پی ٹی آئی کی زیرقیادت وفاقی حکومت جلد ہی چار اشیاء یعنی چینی، آٹا، گھی اور دالوں پر بڑے پیمانے پر ریلیف فراہم کرے گی۔
وفاقی وزیر نے ٹوئٹر پر کہا کہ حکومت تعلیم اور صحت کی سہولیات میں بھی ریلیف فراہم کرے گی۔ خیبر پختونخوا کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب میں بھی ہیلتھ کارڈ اسکیم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
خیبر ہختونخواہ کے بعد اب پنجاب کا ہر خاندان دس لاکھ روپے تک ہر سال صحت کارڈ کے ذریعے حاصل کر سکے گا، اس گیم چینجر ہروگرام کے ذریعے اب کوالٹی علاج غریب ترین سے متوسط طبقے تک ہر فرد کو میسر ہو گا، صحت، تعلیم اور چار بنیادی اشیاء ضرورت آٹا، چینی،دال اور گھی پر بڑا ریلیف لا رہے ہیں
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) October 22, 2021
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ غریب اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے ہر فرد کے لیے ’بہترین علاج‘ یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کارڈ پنجاب بھر کے تمام اسپتالوں بشمول پرائیویٹ اسپتالوں میں قبول کیے جائیں گے۔
ایک اور ٹویٹ میں فواد چوہدری نے اعلان کیا کہ پاکستان میں جعلی خبروں کو روکنے کے لیے مجوزہ قانون کابینہ کو منظوری کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔
قانون بنا کر کابینہ کے حوالے کر دیا ہے 2018 سے کہ رہا ہوں بنیادی سیاسی اصلاحات کے بغیر ملک آگے نہیں جا سکتا، میڈیا اور عدالتی اصلاحات لازمی ہیں https://t.co/ioJmEVXMSx
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) October 22, 2021
انہوں نے کہا کہ جیسا کہ وہ 2018 سے کہہ رہے ہیں پاکستان سیاسی اصلاحات کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا۔ فواد چوہدری نے مزید کہا کہ عدلیہ اور میڈیا کے حوالے سے اصلاحات بھی ضروری ہیں۔
گزشتہ ہفتے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ جدید میڈیا کو درپیش سب سے بڑا چیلنج جعلی خبروں کے ذریعے جھوٹے پروپیگنڈے کو پھیلانا ہے۔ انہوں نے ایک سیمینار میں کہا تھا کہ ”انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) میں انقلاب اور میڈیا پلیٹ فارمز کی تعداد میں اضافے کے بعد جعلی خبروں کا رجحان سامنے آیا۔
وفاقی وزیر نے کہا تھا کہ بین الاقوامی برادری کو جعلی خبروں کا مقابلہ کرنے کے لیے کچھ قوانین تیار کرنے ہوں گے اور آزادی اظہار کے ساتھ ذمہ داری کا پہلو بھی شامل کرنا ہوگا۔
مزید پڑھیں: پنجاب کا ہر خاندان صحت کارڈ پر 10لاکھ سالانہ حاصل کرسکے گا۔فواد چوہدری