حکومتِ پاکستان کی جانب سے عیدالفطر کے موقع پر عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف دینے کا امکان ہے کیونکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مزید کمی واقع ہوئی ہے۔
عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمت میں 1اعشاریہ 40 ڈالر فی بیرل کمی ہوئی ہے جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 7اعشاریہ 24 ڈالر سے کم ہو کر 5اعشاریہ 84 ڈالر فی بیرل پر آگئی ہے۔ اسی طرح ڈیزل کی قیمت میں بھی 60 سینٹ کی کمی دیکھی گئی ہے۔
پاکستانی مارکیٹ ذرائع کے مطابق عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کے پیش نظر ملک میں پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 18 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے فی لیٹر تک کمی کا امکان ہے تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ 31 مارچ کو کیا جائے گا جب حکومت اگلے پندرہ دنوں کے لیے قیمتوں کا تعین کرے گی۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ 15 مارچ کو حکومت نے عالمی منڈی میں نمایاں کمی کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی تھی۔
عوام کو توقع تھی کہ عالمی منڈی کے مطابق پاکستان میں بھی پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر تک کمی کی جائے گی لیکن حکومت نے لیوی میں 10 روپے فی لیٹر اضافہ کر کے قیمتیں برقرار رکھیں۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ عید کے موقع پر حکومت عوام کو واقعی ریلیف دے گی یا ایک بار پھر محصولات میں اضافہ کر کے قیمتوں کو جوں کا توں رکھا جائے گا۔