اسلام آباد :حکومت نے احتیاطی تدابیر اور معیاری آپریٹنگ طریقہ کار کے تحت محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوس نکالنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایوان صدر میں صدر ڈاکٹر عارف علوی اور شیعہ علماء کے مابین ہونے والی ملاقات میں ایس او پیز کو حتمی شکل دی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے رمضان المبارک اور عیدالفطر کے دوران کورونا کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لئے اقدامات میں تعاون کرنے پرعلماء کی تعریف کی ۔
اجلاس میں مذہبی امور کے وزیر پیر نور الحق قادری ، وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ اور پنجاب کے گورنر چوہدری سرور کے علاوہ علامہ عارف واحدی ، راجہ ناصر عباس ، ڈاکٹر غضنفر مہدی ،علامہ قمر حیدر زیدی ، راجہ بشارت امامی اور علامہ سجاد نقوی سمیت دیگر شیعہ علماء بھی موجود تھے۔
صوبائی گورنر ، آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان ، علامہ افضل حیدری اور پنجاب سے علامہ حسین اکبر ، علامہ شہنشاہ نقوی ، علامہ سید علی نقوی اور سندھ سے علامہ فرقان حیدر ، علامہ عابد شکیری اور کے پی کے سے علامہ ارشاد خلیلی شامل تھے ۔ بلوچستان سے علامہ سید ہاشم موسوی اور علامہ شیخ جمعہ اسدی اور آزاد کشمیر سے مفتی کفایت حسین نقوی نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
محرم میں صرف ایس او پی کے تحت لائسنس یافتہ جلوسوں کو ہی اجازت دی جائے گی ، انتظامیہ ہینڈ سینی ٹائزر ، ماسک مہیا کریگی اور بوڑھے اور بیمار افراد کو شرکت کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ شرکاء کی محدود تعدادکو شرکت کی اجازت ہوگی۔
صدر مملکت نے تعاون کرنے پر علمائے کرام کا شکریہ ادا کیا اور ایس او پی پراتفاق رائے کو فروغ دینے پر مبارکباد پیش کی۔ علمائے کرام نے مختلف مکاتب فکر میں قومی اتحاد اور ہم آہنگی لانے کے لئے صدر کے کردار کی بھی تعریف کی۔
مزید پڑھیں:پاکستان میں کورونا کیسز 2 لاکھ 59 ہزار 999 ، اموات 5475 تک پہنچ گئیں