کراچی: حکومت کی جانب سے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے نتیجے میں کراچی میں چینی کی قیمت میں 9 روپے فی کلو کمی واقع ہوئی ہے۔
کراچی ہول سیلرز گروسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالرؤف ابراہیم کے مطابق جوڑیا بازار کی ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی قیمت 168 روپے فی کلو سے کم ہوکر 159 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کریک ڈاؤن کے باعث چینی کی ایکس مل قیمت 156 روپے فی کلو تک گر گئی ہے جبکہ پرچون مارکیٹ میں چینی 175 سے 180 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔
عبدالرؤف ابراہیم نے واضح کیا کہ ملک میں چینی کے وافر ذخائر موجود ہیں اور حکومت کی جانب سے قیمتوں کو مستحکم کرنے کے بعد سٹہ بازی کا خاتمہ ہوگیا ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر برائے خوراک و زراعت رانا تنویر حسین نے چینی کی قیمتوں میں اضافے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ مارکیٹ میں چینی کی قیمت 164 روپے فی کلو جبکہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر 153 روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔
رانا تنویر حسین نے مزید بتایا کہ چینی کی قیمتوں کی نگرانی کے لیے اسحاق ڈار کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لیے اقدامات کرے گی۔