اسلام آباد: حکومتِ پاکستان چین میں پھنسے پاکستانی طلباء کی مدد کے لیے حرکت میں آ گئی، اسی سلسلے میں وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز زلفی بخاری نے چین کے سفیر یاؤ جنگ سے ملاقات کی۔
چینی سفیر سے ملاقات کے دوران چین میں موجود پاکستانیوں کی صحت و سلامتی کے حوالے سے اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔وزیر اعظم کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا بھی ملاقات کے دوران موجود تھے۔
اس دوران چین کی جامعات میں موجود پاکستانی طلباء کے تحفظ کے حوالے سے خصوصی بات چیت ہوئی۔ چین کے شہر وہان میں موجود پاکستانیوں کو خوراک سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ملاقات کے دوران معاونِ خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز زلفی بخاری نے ذاتی طور پر وہان جا کر وہاں پاکستانی طلباء و طالبات سمیت پاکستانیوں سے ملاقات پر اصرار کیا۔
وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی زلفی بخاری نے اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کے تدارک اور پاکستانی شہریوں کی حفاظت کے لیے چینی حکومت کے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔
گفتگو کے دوران زلفی بخاری نے کہا کہ پورا یقین ہے چین کورونا وائرس سے جنم لینے والے چیلنجز سے کامیابی سے نمٹ سکتا ہے جبکہ پاکستانی قوم چین میں موجود بیٹے بیٹیوں کی سلامتی کے لیے فکر مند ہے۔
زلفی بخاری نے کہا کہ میں چاہتا ہوں ذاتی طور پر چین، خصوصاً وہان کا دورہ کرکے اپنے بہن بھائیوں سے ملاقات کروں۔ اس موقعے پر چینی سفیر نے زلفی بخاری کو چین کا سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا۔
انہیں کورونا وائرس کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ چین میں موجود پاکستانی ہمارے مہمان ہیں جن کی حفاظت اور دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، ان کی نگہداشت میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔
حکومتِ پاکستان اور چین میں موجود پاکستانی شہریوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ آپ نے آزمائش کی اِس گھڑی میں چینی قوم کا بھرپور ساتھ دیا۔ کرونا وائرس کے خلاف مدافعت میں کامیابی مل رہی ہے۔
ہمسایہ ملک چین کے سفیر یاؤ جنگ نے کہا کہ ہمیں قوی یقین ہے کہ ہم جلد مشکل سے نجات پائیں گے اور حالات معمول کی طرف لوٹیں گے۔ جلد معاونِ خصوصی سمیت دیگر حکومتی زعماء کو چین میں خوش آمدید کہیں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل چین میں کورونا وائرس کے باعث مزید 97 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس کے نتیجے میں اب تک مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 910 تک جا پہنچی۔
کورونا وائرس کے باعث گزشتہ روز تک 813 افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ موجودہ اعدادوشمار کے مطابق وائرس سے 40ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں۔
مزید پڑھیں: چین میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 910ہو گئی