اسلام آباد: گوگل کا پاکستان میں آفس کھولنے کے معاملے پر پیش رفت، گوگل کا وفد آج پاکستان پہنچے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گوگل کا وفد آج لاہور سے اسلام آباد آئے گا، اس حوالے سے وفاقی وزیر آئی ٹی امین الحق نے کہا کہ ہماری خواہش یہی ہے کہ ہماری اُن سے ملاقات ہو، ملاقات کے دوران ہم کوشش کرینگے کہ انھیں پاکستان میں آفس کھولنے کیلئے آمادہ کرلیں۔
وفاقی وزیر آئی ٹی نے کہا کہ ہم ان کو آمادہ کریں گے کہ وہ آفس کھولیں اور کڑوروں روپے کمائیں اور ہمارے نوجوانوں کو نوکریاں بھی دیں۔ ان کو پتہ چلے پاکستان کا کسٹم اور کلچر کیسا ہے۔
آلو اور ٹماٹر کینسر کو ہرانے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔ تحقیق
اُن کا کہنا تھا کہ جب گوگل کا آفس قائم ہوگا تو ہم اُن سے مسائل پر براہ راست بات کرسکیں گے اور کوئی ایسا مواد جو ریاست اور مذہب کے خلاف ہو اُسے گوگل سے بات کرکے ڈیلیٹ بھی کرواسکیں گے۔
واضح رہے کہ تین روز قبل گوگل نے بطور کمپنی پاکستان میں رابطہ آفس کھولنے کا فیصلہ کیا تھا، وزیر آئی ٹی امین الحق کا کہنا تھا کہ گوگل آفس کا قیام پاکستانی صارفین کیلئےاہم سنگ میل ثابت ہوگا، گوگل ایشیا پیسیفک نے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں رجسٹریشن کروالی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گوگل حکام سے رابطے جاری ہیں، دسمبر کے دوسرے ہفتے میں وفد کی پاکستان آمد متوقع ہے، گوگل وفد سے ملاقات میں پالیسیز، مسائل، حکومتی تعاون سمیت دیگرامور پر گفتگو ہوگی۔
امین الحق نے یہ بھی کہا کہ گوگل آفس یوٹیوب سمیت گوگل کی تمام ایپلی کیشنز سے متعلق امورکی نگرانی کرے گا جس سے ایڈورٹائزنگ سے متعلق معاملات پر صارفین کوفوری ریسپونس مل سکےگا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ گوگل کو وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونی کیشن کی جانب سے بھرپور تعاون حاصل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ٹک ٹاک نے بھی پاکستان میں اپنا رابطہ آفس کھولنے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے، امید ہے فیس بک بھی اس ضمن میں جلد ہی اپنا فیصلہ جاری کرے گا۔