دنیا بھر میں مشہور امریکی ماڈلز جیجی حدید اور بیلا حدید نے حال ہی میں ایک حیران کن انکشاف کیا ہے کہ ان کی ایک سوتیلی بہن بھی ہے جس کا نام “ایدن نِکس” ہے۔
جیجی اور بیلا جنہیں ان کے ماڈلنگ کیریئر اور فلسطینی ورثے کے حوالے سے پہچانا جاتا ہے، انہوں نے بتایا کہ ان کی یہ 23 سالہ سوتیلی بہن ان کے والد محمد حدید اور ایک خاتون ٹیری ہیٹ فیلڈ ڈل کی بیٹی ہے۔
یہ تعلق محمد حدید کی 2001 میں یولانڈا حدید (جیجی اور بیلا کی والدہ) سے طلاق کے بعد پیدا ہوا تھا۔
معروف برطانوی اخبار کو جاری بیان میں دونوں بہنوں نے کہا کہ کئی سال پہلے جب ہمارے والد تنہا تھے، ان کا ایک مختصر تعلق قائم ہوا، جس کا نتیجہ حمل کی صورت میں نکلا۔ ایدن فلوریڈا میں پیدا ہوئی اور وہیں پلی بڑھی۔ اسے ایک ایسے شخص نے پالا جسے وہ باپ کی حیثیت سے محبت سے جانتی تھی، یہاں تک کہ اس شخص کا اچانک انتقال اس وقت ہوا جب ایدن کی عمر 19 برس تھی۔”
جیجی اور بیلا کے مطابق ان کی ایدن سے پہلی ملاقات 2023 کے آخر میں ہوئی، جب اُس نے اپنے والد کی وفات کے بعد ایک جینیاتی ٹیسٹ کروایا جس سے اس کا حیاتیاتی تعلق حدید خاندان سے ثابت ہو گیا۔ اس وقت ایدن پیرس میں زیرِ تعلیم تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ “ہم نے ایدن کو کھلے دل سے گلے لگایا ہے اور خاندان میں اس غیر متوقع لیکن خوبصورت اضافے کو خوشی سے قبول کیا ہے۔
اُس نے ہم سب بشمول ہمارے والد کے ساتھ وقت گزارا ہے۔ ہم بہن بھائیوں نے آپس میں کئی بار کھل کر بات چیت کی ہے اور ایدن کو بھی شامل کیا ہے تاکہ ہم سب مل کر اس کی مدد اور حفاظت کے لیے بہتر فیصلے کر سکیں۔”
حدید خاندان نے اس بات پر زور دیا کہ وہ ایدن کی نجی زندگی کا احترام کرتے ہیں اور عوام سے بھی درخواست کرتے ہیں کہ وہ اس کی رازداری کو تسلیم کریں، کیونکہ وہ نیویارک میں اپنی زندگی خاموشی سے گزارنا چاہتی ہے۔