پنجاب کی گلیوں سے شہرت کی بلندیوں تک، آصف علی کی کامیابیوں کا سفر

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

From streets of Punjab to heights of fame, the journey of Asif Ali

پاکستان اور کرکٹ چولی دامن کا ساتھ اور جب بات عالمی کپ کی ہوتو شائقین کا جوش و ولولہ دیدنی ہوتا ہے اور جب قومی ٹیم اچھا کھیل رہی ہو تو خوشی اور بھی بڑھ جاتی ہے ایسا ہی کچھ حالیہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں دیکھنے میں آرہا ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم پہلی بار کسی عالمی ایونٹ میں بطور فیورٹ شریک ہوئی ہے کیونکہ اس سے پہلے ہمیشہ ابتدائی میچز میں قومی ٹیم کو مشکلات کا شکار دیکھا گیا ہے لیکن اس ایونٹ میں جہاں پہلے بھارت کا غرور خاک میں ملایا وہیں کیویز سے پاکستان چھوڑ کر جانے کا بدلہ لینے کے بعد شاہینوں نے افغانستان کو ایسا سبق سکھایا کہ آج پوری دنیا پاکستان کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ کیلئے سب سے فیورٹ قرار دے رہی ہے۔

اس ایونٹ میں یوں تو قو می ٹیم بہت سے ریکارڈ چکنا چور کرچکی ہے لیکن گزشتہ دو میچز میں آصف علی نامی ستارہ کرکٹ کے افق پر پوری شدت کے ساتھ جگمگاتا ہوا دیکھا جاسکتا ہے جس نے افغانستان کے خلاف میچ میں ایک اوور میں 4 فلک شگاف چھکے مار کر راتوں رات شہرت کی بلندیوں کو چھو لیا ہے۔

آصف علی کون ہیںاور کہاں سے آئے اور قومی ٹیم کی ریڑھ کی ہڈی کیسے بنے ، ان تمام چیزوں پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

آصف علی کہاں سے آئے
یکم اکتوبر 1991ء کو فیصل آباد میں پیدا ہونے والے 30 سالہ ہارڈ ہٹر آصف علی فرسٹ کلاس کرکٹ میں ناردرن کی نمائندگی کرتے ہیں اور پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے کھیلتے ہیں۔اگست 2018 میں وہ ان 33کھلاڑیوں میں سے ایک تھے جنہیں پاکستان نے 19-2018کے سیزن کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ سے نوازا تھا۔

ڈومیسٹک کیریئر
آصف علی قائد اعظم ٹرافی 18-2017میں فیصل آباد کیلئے 6میچوں میں 369 رنز کے ساتھ سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے۔اپریل 2018 میںانہیں کے پاکستان کپ کیلئے پنجاب کے اسکواڈ میں شامل کیا گیا۔اس نے ٹورنامنٹ کے دوران آصف علی نے پنجاب کیلئے چار میچوں میں 328 رنز بنا کر سب سے زیادہ رنز بنائے۔

3 جون 2018 کو انہیں گلوبل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے افتتاحی ایڈیشن کیلئے کھلاڑیوں کے ڈرافٹ میں ایڈمنٹن رائلز کے لیے کھیلنے کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔اکتوبر 2018 میں، انہیں مزانسی سپر لیگ کے پہلے ایڈیشن کے لیے کیپ ٹاؤن بلٹز کے اسکواڈ میں شامل کیا گیا۔

مارچ 2019 میں آصف علی پاکستان کپ کے لیے سندھ کے اسکواڈ میں شامل ہوئے۔ستمبر 2019 میں انہیں دوبارہ 2019 کے مزانسی سپر لیگ ٹورنامنٹ کے لیے کیپ ٹاؤن بلٹز ٹیم کے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ۔

آصف علی ستمبر 2019 میںقائد اعظم ٹرافی ٹورنامنٹ کے لیے ناردرن اسکواڈ میں شامل تھے، نومبر 2019 میںبنگلہ دیش پریمئر لیگ میں ڈھاکہ پلاٹون کا حصہ بنے۔

جولائی 2020 میں انہیں کیریبین پریمئر لیگ کے لیے جمیکا تلاواہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا۔جنوری 2021 میںپاکستان کپ کے لیے ناردرن اسکواڈ میں شامل کیا گیا۔

بین الاقوامی کیریئر
آصف علی کو مارچ 2018 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے لیے پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی اسکواڈمیں شامل کیا گیا۔انہوں نے یکم اپریل 2018 کو ویسٹ انڈیز کے خلاف پاکستان کے لیے ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کیااور13 جولائی 2018 کو زمبابوے کے خلاف ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کیا جبکہ ہارڈ ہٹنگ بلے باز کو مئی 2019 میںکرکٹ ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کے اسکواڈ میں شامل کیا گیا اور حالیہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کا حصہ ہیں۔

پنجاب کی گلیوں میں ٹیپ بال کرکٹ 
پاکستان میں کھیل کے میدان اور سہولیات کے فقدان کی وجہ سے اکثر و بیشتر نوجوان گلیوں اور سڑکوں پر ٹیپ بال کرکٹ کھیلتے ہیں اور آصف علی بھی انہیں میں سے ایک ہیں، آصف علی کا بچپن فیصل آباد کی گلیوں میں ٹینس بال سے کھیلتے ہوئے گزرا اور ابھی بھی فرصت کے لمحات میں وہ پرانے ساتھیوں کے ساتھ مختلف اوقات میں ٹیپ بال سے کھیلنا پسند کرتے ہیں۔

آصف علی کے گزشتہ رات افغانستان کیخلاف شاندار چھکوں کے بعد پنجاب میں ٹیپ بال کرکٹ کھیلتے ہوئے ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں انہیں اسی انداز میں چھکے مارتے دیکھا جاسکتا ہے جس طرح انہوں نے نیوزی لینڈ اور گزشتہ رات افغانستان کیخلاف شاندار شارٹس کھیلے۔

آصف علی کی کامیابیوں کا سفر
پاکستان ٹیم سے عبدالرزاق اورشاہد آفریدی کے جانے کے بعد لیٹ مڈل آرڈر میں آصف علی کی صورت میں قومی ٹیم کو ایک بہترین متبادل میسر آگیا ہے، حالیہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل ان کی سلیکشن پر سوالات اٹھائے جارہے تھے لیکن انہوں نے زبان کے بجائے اپنے کھیل سے ناقدین کو جواب دینا زیادہ بہتر سمجھا۔

پاکستان ٹیم کے اس روشن ستارے کی جگمگاہٹ سے قومی ٹیم کی کامیابیوں کا سفر آگے بڑھ رہا ہے اور ہماری دعائیں اس نوجوان کے ساتھ ہیں اور امید ہے کہ مستقبل میں بھی آصف علی قوم کو مایوس نہیں کرینگے۔

Related Posts