سابق پاکستانی کرکٹر اظہر عباس کے صاحبزادے محمد ارسلان عباس نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم میں شامل ہو گئے ہیں اور پاکستان کے خلاف آئندہ میچ میں ڈیبیو کریں گے۔
ارسلان عباس آل راؤنڈر کھلاڑی ہیں جو مڈل آرڈر بیٹنگ اور باؤلنگ میں مہارت رکھتے ہیں۔ انہیں نیوزی لینڈ کی ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی کے باعث کیوی ٹیم میں موقع دیا گیا ہے۔
اظہر عباس جو پاکستان میں 45 فرسٹ کلاس میچز کھیل چکے ہیں، اپنے اہل خانہ کے ساتھ نیوزی لینڈ منتقل ہو گئے تھے، جہاں انہوں نے آکلینڈ اور ویلنگٹن کی نمائندگی کی۔ اس وقت وہ ویلنگٹن فائر برڈز کے اسسٹنٹ کوچ کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم میں ارسلان عباس کی شمولیت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب سینئر کھلاڑیوں— مچل سینٹنر، راچن رویندرا، ڈیون کونوے اور گلین فلپس آئی پی ایل میں مصروفیت کے باعث ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔
اس صورتحال میں نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتیں دکھانے کا بہترین موقع پیدا ہوا ہے، خاص طور پر پاکستان کے خلاف ایک روزہ سیریز میں کارکردگی دکھانے کا سنہری موقع ملا ہے۔