اسلام آباد :وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ شہباز شریف احتساب سے بچناچاہتے ہیں تاہم اس بار انہیں بھاگنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آٹاچینی بحران کی انکوائری جلد ختم ہوجائے گی اور اس کی رپورٹ اگلے منگل تک پیش کردی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چینی بحران اور ڈرگ اسکینڈلز اور شہباز شریف کے جرائم میں کوئی مماثلت نہیں ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ماضی میں کی جانے والی غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق ایک رپورٹ کابینہ کے اجلاس کے دوران پیش کی گئی تھی جبکہ تفصیلات نہ دینے والوں کو ایک ہفتے کاٹائم دیا گیا ہے۔
شبلی فراز نے کہا کہ وزیر اعظم نے عید الفطر سے قبل میڈیا کے واجبات ادا کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ ہوائی اڈوں کے آؤٹ سورسنگ سے متعلق خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آؤٹ سورسنگ سے متعلق قانونی امور 30 جون تک حل ہوجائیں گے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ اجلاس میں اسلام آباد ہیلتھ کیئر کمیشن کے بورڈ ممبروں اور لائن آف کنٹرول پر مقیم شہریوں کے لئے خصوصی پیکیجز کی بھی منظوری دی گئی ہے جبکہ زراعت کے شعبے کے لئے 50 ارب روپے کے پیکیج کی منظوری دی گئی ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ شہباز شریف اور ان کے اہل خانہ پر بدعنوانی کا الزام عائد کیا گیا ہے لیکن ان الزامات کا جواب دینے کے بجائے شہبازشریف نے نئے انتخابات کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس نے اقوام عالم کے نظام زندگی کو مکمل طور پر تبدیل کردیا ہے اور اب جب کہ پوری قوم اس وائرس سے لڑ رہی ہے ، ملک میں انتشار پھیلانے والی بات نہیں کی جانی چاہئے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ قائد حزب اختلاف کے لئے طاقت کھیل کا نام ہے لیکن وہ اب قوم کو دھوکہ نہیں دے سکتے کیونکہ پاکستانی عوام نے انہیں 2018 میں بھی مسترد کردیا تھا۔
مزید پڑھیں: آٹا اور چینی بحران کے ذمہ داران عمران خان کے قریبی ساتھی نکلے، اب کیا ہوگا ؟