راولپنڈی: محکمہ فوڈ پنجاب نے راولپنڈی کے مختلف بازاروں میں چھاپہ مار کارروائیاں کرتے ہوئے غیرمیعاری، زائدالمعیاد اور ملاوٹ والی اشیاء فروخت کرنے والے دکانداروں کو 30 ہزار روپے جرمانے کردیے ہیں۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر حکام نے ڈیری شاپس، ریسٹورنٹس اور کریانہ اسٹورز کی چیکنگ کی۔ معائنے کے دوران زائد المیعاد مصالحہ جات اور سنیکس کی بھاری مقدار تلف کی گئی ہے۔
فوڈ سیفٹی ٹیموں نے راجا بازار، راول ٹاؤن 2، ٹیکسلا، پوٹھوہار ٹاؤن، کوہاٹی بازار اور مندرہ بازار میں چھاپے مارے ہیں۔
ڈی جی فوڈ اتھارتی کے مطابق پروڈکشن ایریا میں چوہوں کی موجودگی پر بوم بوم ہاٹ اینڈ سپائسی ریسٹورنٹ کو 30 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔
رفاقت علی نسوانہ کے مطابق ناقص سٹوریج اور غیر معیاری اجزاء کے استعمال پر 7 فاسٹ فوڈز یونٹس کیخلاف کارروائی کی گئی ہے۔ ملاوٹی دودھ کی سٹوریج اور فروخت پر 2 ڈیری شاپس کو جرمانہ کیا ہے۔
ڈی جی فوڈ کا کہنا تھا معائنے کے دوران مضر صحت رنگوں اور کیمیکلز کے استعمال پر معروف بیکری کو بھاری جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ معمولی نقائص پر 62 فوڈ پوائنٹس کو وارننگ نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ صحت بخش خوراک کی فراہمی کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی بھر کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ عوام کی صحت کے ساتھ کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایلون مسک، ایپل کمپنی کے خلاف ایپک گیمز کی حمایت میں بول پڑے